• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب ،محکموں کا بجٹ رکنے سے بلوں کی ادائیگی سمیت دیگر مسائل

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) معلوم ہوا ہے کہ پنجاب حکومت نے مختلف محکموں کو ملنے والا سالانہ بجٹ فوری طور پر روک دیا ہے جس کے باعث مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی طرف سے ملنے والے بجٹ سے بجلی، گیس، فون کے بلوں، پٹرول، گاڑیوں کی مرمت، سٹیشنری، فرنیچر، کمپیوٹر، ٹونر، اے سی اور ضروری چیزوں کی خریداری و مرمت کیلئے فنڈز نہ ہونے سے روز مرہ کے معاملات شدید متاثر ہو رہے ہیں، اس کے علاوہ مختلف اشیاء سپلائی اور مرمت کرنے والے ٹھیکیدار بھی کروڑوں روپے کے بلوں کی عدم ادائیگی پر مزید کام کرنے سے انکاری ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ صوبائی حکومت نے کورونا کو جواز بتاتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے جبکہ دوسری طرف حکومت پنجاب کے ایک ذمہ دار افسر کا کہنا تھا کہ بجٹ روکا تو نہیں لیکن محکموں کو رقم کی ادائیگی مختلف وجوہات کی بنا پر سست روی کا شکار ہوئی ہے۔صوبائی حکومت کے ماتحت محکموں کو اپریل مئی میں رقم کی فراہمی کیلئے انسٹالمنٹ شاید کورونا کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئی ہے، تاخیر کی ایک وجہ حکومت کیلئے کسی حد تک آمدن اور اخراجات کا توازن بھی برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل لاک ڈائون کی وجہ سے آمدن کم اور اخراجات پہلے سے زیادہ ہو رہے ہیں۔
تازہ ترین