مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کا کسی کمپنی اور چیک سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں شہزاد اکبر کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف پر الزامات کی دھند میں کورونا سے مرتے پاکستانیوں کوچھپانےکی کوشش ہو رہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے شہباز شریف پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کمپنی، چیک سےتعلق ہوتا، کرپشن ہوتی تونیب سپریم کورٹ سے درخواست واپس نہ لیتی، نیب نیازی گٹھ جوڑکی عدالتوں میں ناکامی اب میڈیا ٹرائل میں تبدیل ہوگئی ہے، شہبازشریف پرکمیشن یا سرکاری خزانے سے ایک دھیلے کی بھی کرپشن کا ثبوت ہے توسامنے لائیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ جن کمپنیوں اور چیکس کا ذکر شہزاد اکبر کر رہے ہیں انہیں پی آئی ڈی نہیں عدالت لے کر جائیں۔
مریم اورنگزیب کا شہزاد اکبر کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہزاد اکبر اگلی پریس کانفرنس عمران صاحب کے اربوں روپے کے 23 خفیہ اکاؤنٹس، فارن فنڈنگ، مالم جبہ، ہیلی کاپٹر کیسز پر کریں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ شہزاد اکبر بلین ٹری سونامی، 100 ارب کے بی آرٹی کھڈوں پر پریس کانفرنس کریں، 500 ارب آٹا چینی اور 580 ارب سے زائد ادویات کے ڈاکے پر اگلی پریس کانفرنس کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر اگلی پریس کانفرنس میں507 ارب کی منہگی چینی بیچنے، سبسڈی دینے کی رپورٹ لائیں، شہزاد اکبر چینی ایکسپورٹ کا فراڈ کرنے والوں کے ڈاکے کی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کریں۔