پاکستان مسلم لیگ (ن) نے شہزاد اکبر پر قومی احتساب بیورو (نیب) کو ٹپس دینے کا الزام عائد کردیا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا اللّٰہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہزاد اکبر آج نیب کو ہدایت نامہ جاری کر رہے تھے۔
عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ شہزاد اکبر نے نیب کو جلد ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہزاد اکبر نے نیب کو ٹپس دیں۔
ن لیگی رہنما نے سوال اٹھایا کہ شہزاد اکبر کو نیب کو ہدایات دینے کا اختیار کس نے دیا ہے؟
عطا اللّٰہ تارڑ نے مطالبہ کیا کہ شہزاد اکبر پریس کانفرنس میں جھوٹ بولنے پر قوم سے معافی مانگیں۔
انہوں نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ آٹا اور چینی کی چوری میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر ترین کو کتنے نوٹس بھیجے؟
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سرکاری منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے بنائے اسپتالوں میں کورونا ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ میں نہ مانوں کی رٹ جتنی چاہیں لگا لیں، ثبوت سامنے آچکے ہیں، جو شواہد شہباز شریف کے خلاف ملے ہیں ان کا بچنا ممکن نہیں۔
شہزاد اکبر نے مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ دھیلے کی کرپشن کے عنوان سے پہلے بھی دو پریس کانفرنسز کرچکا ہوں، شہبازشریف کی درجنوں فرنٹ کمپنیاں سامنے آئی ہیں، شہبازشریف اپنے بھائی کی بیماری کا بہانہ کرکے لندن گئے تھے، جیسے ہی گرم ہوا چلتی ہے یہ لندن بھاگ جاتے ہیں اور گرم ہوا آنے والی ہے۔