• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں کورونا اموات، کیسز بڑھے، حالات بے قابو نہیں: اسد عمر


وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر کہتے ہیں کہ پاکستان میں کورونا کیسز بڑھ گئے، اموات زیادہ ہوگئیں لیکن حالات بے قابو نہیں ہیں۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اس وباء کے ساتھ چلنا ہے، ووہان میں بھی کیسز دوبارہ سامنے آئے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ برطانیہ نے سخت جبکہ سویڈن نے ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن کیا، برطانیہ جہاں سخت لاک ڈاؤن ہوا وہاں آبادی کے لحاظ سے سویڈن سے ہلاکتیں زیادہ ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا آہستہ آہستہ اب وہاں پہنچ رہی ہے جو وزیرِ اعظم عمران خان کا وژن تھا، ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ لوگوں کو معاشی بدحالی سے بھی بچانا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ باقی ممالک نے بھی لاک ڈاؤن میں نرمی کرنا شروع کی کیونکہ ان کو وہ نظر آنا شروع ہوگیا تھا جو عمران خان 2 مہینے پہلے سے دیکھ رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مغرب کی اندھی تقلید نہیں کرتے، اس پر ہمیں کوئی شرمندگی بھی نہیں، پاکستان میں عالمی معیار کے وبائی امراض سے متعلق ماہرین اور ڈاکٹر موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: ملک میں مکمل لاک ڈاؤن ممکن نہیں، اسد عمر

اسد عمر کا کہنا ہے کہ آج پاکستان میں 70 لیبارٹریاں ہیں جو کورونا وائرس کا ٹیسٹ کر سکتی ہیں، آج ساڑھے 13 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں، اس کو مزید بڑھائیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہزار سے زیادہ وینٹی لیٹرز کا اضافہ کیا جا رہا ہے، ایک لاکھ صحت ورکرز کو پی پی ایز سے متعلق ٹریننگ دی جائے گی، سو ارب روپے 80 لاکھ سے زائد خاندانوں میں تقسیم کرچکے ہیں۔

وزیرِ منصوبہ بندی نے یہ بھی کہا کہ ہم اللّٰہ تعالیٰ سے مدد کی امید رکھتے ہیں، اس پر ہمیں کوئی شرم نہیں، ہم دعا کرتے ہیں اور ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھے ہیں کوشش بھی کر رہے ہیں۔

تازہ ترین