اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ ہم ایک مربوط حکمت عملی کے تحت آگے چل رہے ہیں، ٹیسٹنگ صلاحیت میں 27 گنا اضافہ ہو چکا ہے، این ڈی ایم اے کا کردار قابل ستائش ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو وزیراعظم کے ساتھ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو بتدریج بڑھا رہے ہیں، ٹیسٹنگ صلاحیت میں 27 گنا اضافہ ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا نے عوام میں کورونا سے متعلق موثر پیغام پہنچایا، میڈیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ کورونا آ گاہی میں زبردست کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا لوگوں کو آگاہ کرنے میں بہتر ذمہ داری ادا کر رہا ہے، ہم دیکھ سکتے ہیں کہ میڈیا کے پیغامات کی وجہ سے لوگوں کے رہن سہن میں فرق آیا ہے۔