حکومتِ پنجاب نے نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاریاں شروع کر دیں، سیکریٹری خزانہ پنجاب عبد اللّٰہ سنبل کے مطابق صوبے کے آئندہ مالی سال 21-2020ء کا بجٹ مالی بحران کے دوران تیار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا ہےکہ بجٹ جون کے دوسرے ہفتے پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جا ئے گا، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے پنجاب کو اربوں روپے کے اضافی اخراجات کرنا پڑے۔
سیکریٹری خزانہ پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب کو وفاقی حکومت کی جانب سے اپنے حصےسے بھی کم رقم ملی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے پہلی بار بجٹ کی تیاری میں عوام سے رائے لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
عبد اللّٰہ سنبل نے کہا کہ عوام رائے دیں کہ حکومت معاشی بحالی، علاج معالجے اور حفظان صحت میں سے کس شعبے پر زیادہ سرمایہ لگائے۔
یہ بھی پڑھیئے: پنجاب، محکموں کا بجٹ رک گیا، بلوں کی ادائیگی کا مسئلہ
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے عوام یہ رائے بھی دیں کہ حکومت ماحولیاتی تحفظ، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں سے کس پر زیادہ سرمایہ لگائے۔
سیکریٹری خزانہ پنجاب کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لیے اپنی رائے 28 مئی تک دے سکتے ہیں، نئے مالی سال کے بجٹ میں عوام کی رائے کو اہمیت دی جائے گی۔