وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی حماقت کی تو مناسب جواب کا منتظر رہے۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد توقع تھی کہ بھارت کشمیر میں نرمی کرے گا، تاہم بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت نے کوئی حماقت کی تو مناسب جواب کا منتظر رہے۔
’امریکا طالبان معاہدہ بہت بڑی پیشرفت تھی‘
افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکا اور طالبان کے درمیان امن معاہدہ بہت بڑی پیش رفت تھی۔
انہوں نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی اور عبد اللّٰہ عبداللّٰہ میں ایک معاہدہ طے پایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کابل اور ننگر ہار میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ داعش کا کردار بھی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، اس کا بھی مقابلہ کرنا ہوگا۔
’ذراعت کا شعبہ ملک کو کورونا سے نکال سکتا ہے‘
ملک میں کورونا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا کی اس صورتحال سے اگر کوئی شعبہ ہمیں نکال سکتا ہے تو وہ زراعت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھاد کی قیمتوں کمی کے لیے پیکج دیا جارہا ہے، امید کرتے ہیں ڈیزل کی قیمتوں میں کمی سے زراعت کو فائدہ ہوگا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ 65 ارب روپے کا پیکج زراعت کے لیے دیا جارہا ہے۔
’شوگر رپورٹ پر سوال اٹھنے پر اسکا فرانزک کروایا جارہا ہے‘
شاہ محمود قریشی نے شوگر بحران سے متعلق رپورٹ کے فرانزک سے متعلق کہا کہ رپورٹ پبلک کرنے پر سوالات اٹھ رہے تھے اس لیے فرانزک کروایا جارہا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فرانزک ٹیم نے تین ہفتوں کا مزید وقت مانگا تھا جو کل ختم ہو گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کسی بھی وقت فرانزک رپورٹ آ سکتی ہے۔
اپنی پریس کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی نے اسرائیل میں چینی سفیر کی ہلاکت پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لائے ہیں۔