کوئٹہ میں لوکل ٹرانسپورٹرز نے صوبائی حکومت کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے، اسمارٹ لاک ڈاؤن میں استثنیٰ نہ ملنے کے باوجود شہر میں لوکل بسیں چلنے لگیں۔
شہر میں لوگوں کی بڑی تعداد بغیر احتیاط کے لوکل بس میں سفر کرنے لگی جبکہ لوکل بس کے ڈرائیورز اور کلینر نے ماسک تک پہننے کی زحمت نہیں کی۔
اسمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد لوکل ٹرانسپورٹرز نے سروس شروع کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے فیصلہ نہ ہونے کی وجہ سے لوکل ٹرانسپورٹرز نے بغیر نوٹیفکیشن کے بسیں چلانا شروع کردیں، شہر کے مختلف روٹس پر بسوں کی آمدورفت شروع ہوگئی ہے۔
دوسری جانب سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان بشیر احمد بنگلزئی کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے لوکل بس سروس سمیت تمام پبلک ٹرانسپورٹ نہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔