• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلور ملز اور پنجاب حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن اور سیکرٹری خوراک پنجاب کے درمیان ہڑتال کے معاملے پر ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے۔

فلور ملز ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے مسائل کے حل کی سمری منظور ہونے تک ملز نہ چلانے کا اعلان کردیا۔

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن اور سیکریٹری خوراک وقاص علی محمود کے درمیان فلور ملز کی ہڑتال کے معاملے پر مذاکرات ہوئے جن میں فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے مرکزی چیئرمین عاصم رضا اور چیئرمین پنجاب عبدالرؤف مختارسمیت دیگر نے شرکت کی۔

فلور ملز ایسوسی ایشن نے سیکریٹری خوراک کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، ملاقات میں سیکرٹری خوراک اور فلور ملز ایسوسی ایشن میں ہڑتال کے حوالے سے ڈیڈ لاک برقرار رہا۔

سیکرٹری خوراک کا کہنا تھا کہ فلور ملز آٹے کا 20 کلوکا تھیلا 805 روپے میں فروخت کریں، جس پر عبد الرؤف مختار کا کہنا تھا کہ گندم کی قیمت 1600 روپے فی من تک پہنچ چکی، اس لیے 805 روپےمیں تھیلا فروخت نہیں کرسکتے۔

فلور ملز نے مطالبہ کیا کہ حکومت فلور ملز کی گندم کی صوبے بھر میں نقل وحمل پر عائد پابندی ختم کرے۔

سیکرٹری خوراک نے فلور ملز کےمسائل پر سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوانے کا یقین دلایا ہےجبکہ فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ جب تک وزیراعلیٰ عثمان بزدار مسائل کے حل کی سمری منظور نہیں کرتے، ملز نہیں چلائیں گے۔

تازہ ترین