وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت فالس فلیگ آپریشنز کے لیے کسی بہانے کی تلاش میں ہے۔
شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل اوسی کی خلاف ورزیاں کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ قوتیں ہیں جو پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتیں ، یہ قوتیں مختلف طریقوں سے نقصان پہنچانے کے لیے سرگرم ہیں، کبھی یہ لوگ دراندازی کرتے ہیں، کلبھوشن کا کیس سامنے ہے وہ جیسے گرفتا ر ہوا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کبھی یہ قوتیں فرقہ واریت کو ہوا دیتی ہیں تو کبھی دہشت گردی کی آڑ لیتی ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ سے نمٹنے کے لیے پاکستان نے متعدد اقدامات اٹھائے، عالمی برادری کوخطےمیں عدم استحکام کے لیے متحرک عناصر کے عزائم کا نوٹس لینا ہوگا۔
اُن کا پڑوسی ملک سے متعلق با ت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم افغان امن عمل میں خلوص نیت کے ساتھ مصالحانہ کردار ادا کررہے ہیں، ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں دیر پا امن قائم ہو، ہم چاہتےہیں انٹرا افغان مذاکرات آگے بڑھیں اور ہم اس کی پوری حمایت کر رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نےقبائلی علاقوں کو جس طرح دہشت گردوں سے پاک کیا، دنیا جانتی ہے، پاکستان نے اندرونی محاذ پر جواقدامات اٹھائے اس کی نظیر نہیں ملتی۔