• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر خان فائونڈیشن کی جانب سے بولٹن میں فوڈ پیکیج

بولٹن (نمائندہ جنگ) برطانیہ کے دوسرے شہروں کی فلاحی تنظیموں کی طرح یہاں بولٹن میں بھی عامر خان فائونڈیشن کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مدد کیلئے دن رات بڑھ چڑھ کر کام کررہی ہے۔ انہوں نے بولٹن باکسنگ اکیڈمی کے زیر اہتمام تقریبا 500 فوڈ پیکیج تیار کئے جنہیں بعدازاں بولٹن کے علاوہ مانچسٹر، بریڈ فورڈ اور دیگر قریبی علاقوں میں تقسیم کیا گیا۔ عامر خان نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان فائونڈیشن نے نہ صرف برطانیہ بلکہ پاکستان کے مختلف شہروں سمیت آزاد کشمیر کے تقریبا دس ہزار خاندانوں میں امدادی اشیا تقسیم کی جاچکی ہیں انہوں نے مخیر اور معروف شخصیات سے اپیل کی کہ مشکل کی اس گھڑی میں ایسے افراد جو امداد کے منتظر ہیں ان کی مدد کیلئے آگے آئیں۔ انہوں نے آئندہ اپنی فائٹ کے حوالے سے کہا کہ اس وقت لاک ڈائون اور کورونا وائرس کی وبا کے باعث باکسنگ کی تمام سرگرمیاں معطل ہوچکی ہیں تاہم اس سلسلے میں نہ صرف گھر بلکہ باکسنگ اکیڈمی میں معمول کے مطابق ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے انہوں نے اس موقع کااظہار کیا کہ اس سال کے آخر اور آئندہ سال کی ابتدا میں فائٹ ہونے کا امکان ہے۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی جو فوڈ پیکیج کے دوران موجود تھیں نے عامر خان کی انسانی فلاح وبہبود کیلئے نمایاں خدمات انجام دینے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان بے لوث سماجی خدمات کے سبب نہ صرف برطانیہ بلکہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں یکساں مقبول میں اور انسانیت کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہتے ہیں انہوں نے عامر خان کی باکسنگ کا زکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس طرح انتھک محنت کرکے کامیابیاں حاصل کیں اس سے برطانیہ سمیت پاکستان کا نام روشن ہوا ہے وہ ہمارے لئے باعث فخر ہے۔
تازہ ترین