• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں عید، شب قدر اجتماعات کی اجازت 



سندھ میں عید کے اجتماعات اور ختم القرآن سمیت شب قدر میں عبادات کی اجازت دے دی گئی، اجتماعات اور عبادات میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔

صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ عید کے اجتماعات اور ختم القرآن سمیت شب قدر میں عبادات ہوں گی، جبکہ اجتماعات اور عبادات میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔

صوبائی وزراء ناصر شاہ، بیرسٹرمرتضیٰ وہاب اور سعید غنی نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کی۔

صوبائی وزیر تعلیم سندھ غنی کا کہنا ہے کہ عید کی نماز کھلے مقامات، پارکس میں ہو گی وہاں نشانات لگا دیئے جائیں گے، جبکہ جہاں لوگوں کی تعداد زیادہ ہوگی وہاں دو مرتبہ بھی نماز کی ادائیگی ہوگی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ صوبے کے ایک اور مسئلہ پر وفاق نے غیر قانونی کام کیا ہے، ارسا میں صوبے کی مشاورت کے بغیر ممبر کا رد و بدل کیا گیاہے، قانون کہتا ہے اگر کسی ممبر کو ہٹانا ہے تو صوبے کی مشاورت لازمی ہے، جبکہ صوبے کی مشاورت کے بعد جس شخص کو ہٹایا جارہا ہے اسے سننا بھی لازمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی بار بار بات کرنے والے قانون کی بار بار دھجیاں اڑا رہے ہیں ،ارسا سے متعلق وفاق نے صوبے یا وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ سے کوئی مشاورت نہیں کی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ہر اقدام ماضی کے اعلانات کی نفی ہے، ارسا میں صوبوں کےنمائندوں کو یکطرفہ طور پر تبدیل کردیا گیا، ارسا میں صوبوں کے نمائندوں کو وفاقی کابینہ نے خلاف آئین ہٹایا اور وفاقی حکومت نے اپنے مذموم مقاصد کےلیےفیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر کسی پارٹی کا نہیں ہوتا ہے، اسپیکر نے رولز کے مطابق اجلاس بلایا اور ملتوی کیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت وفاق کو خط لکھ کر اپنے تحفظات کا اظہار کریگی، اگر تحفظات دور نہ کیے گئے تو عدالت سے بھی رجوع کرسکتے ہیں۔

ناصر شاہ نے کہا کہ ٹائیگر فورس کےنام پر اعتراض ہے، اس حوالے سے چیف سیکریٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو ٹائیگر فورس کے لیےخط لکھ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس نے کرنا کچھ نہیں باتیں بناتے ہیں، جبکہ خیر و بھلائی کا کام کرنے والی فورس کا خیر مقدم کرینگے۔

ناصر شاہ نے کہا کہ گورنر راج ان کی قدیمی خواہش ہے، ساری چیزیں سندھ میں انکو نظر آتی ہیں دیگر صوبوں میں جہاں ان کی حکومت ہے وہاں کیوں بات نہیں کرتے، بلاول بھٹو کی ہدایت پر سندھ حکومت کےاقدامات ان کو ہضم نہیں ہورہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ خود لاک ڈاؤن کی تعریفیں کرتے رہے ہیں، اب مخالفت کررہے ہیں، سب رجسٹرار دفاتر پنجاب میں بھی کھولےگئے ہیں، مگر سندھ کی اچھائی بہتری پر کبھی بات نہیں کرتے ۔

تازہ ترین