• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی حکومت ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے جنوری سے کام کررہی ہے، شہباز گل

معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل  نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ٹڈی دل کے مسئلہ کے حل کے لیے جنوری سے کام کررہی ہے۔

ٹڈی دل کے مسئلے پر ن لیگ کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ وفاقی حکومت نےجنوری میں"نیشنل ایمرجنسی" ڈکلئیر کر کے8 ارب روپے کی منظوری دی تھی۔  آپ اب شور مچا رہے ہیں، اس وقت مفروروں کے پاس لندن میں مقیم تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ اور تو کچھ کر نہیں سکتی، ہر معاملے پر منفی سیاست لیے میدان میں کود پڑتی ہے۔ 

شہباز گل کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان صوبوں کو اسپرے اور تکنیکی معاونت فراہم کررہی ہے، حکومت پنجاب نے ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے محکمہ زراعت کو 500 ملین فوری طور پر جاری کئے۔ متعلقہ محکمے اور افسران مسلسل فیلڈ میں ہیں، اسپرے اور کسانوں کی تربیت جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے چند ماہ میں ہماری فیلڈ ٹیموں نے لاکھوں ہیکٹر علاقے کو ٹڈی دل سےکلیئر کیا، ٹڈی دل کے خلاف فضائی آپریشن میں بدقسمتی سے دو پائلٹ بھی شہید ہوئے۔

 ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ٹڈی دل کا مسئلہ پاکستان سمیت افریقا سے جنوبی ایشیا تک کئی ممالک کو درپیش ہے، ٹڈی دل کے غول دوسرے ممالک سے سفر کرتے ہوئے پاکستان میں داخل ہوتے ہیں، پاکستان میں ایک صوبے سے دوسرے صوبے اور ایک شہر سے دوسرے شہر تک جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹڈی دل پر قابو پانے کے لیے کثیر ملکی مشترکہ کوشش کی ضرورت ہے، ایک ملک یا ایک صوبہ ٹڈی دل کے مسئلے سے نہیں نمٹ سکتا، حکومت کسانوں کیساتھ کھڑی ہے، فصلوں کی حفاظت کی کوشش کی جارہی ہے۔

تازہ ترین