• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید کا موقع تو ہوتا ہی خوشیاں بانٹنے کے لیےہے ،اس دن چار سو خوشیوں کے رنگ بکھرے ہوئے ہوتے ہیں ،بچے ،بوڑھے ،مرد اور خواتین سب نے نئے جوڑے زیب تن کیے ہوتے ہیں۔ لیکن امسال عید کورونا وائرس اور لاک ڈائون میںآ رہی ہے تو دعوتوں کا اہتمام تو روایتی طر یقے سے نہیںہوگا توا س میں پریشانی کیا بات ہے ،تہوار کے اس موقعے پر چٹ پٹے کھانے اور عیدکی خاص الخاص شیرخورمے اور لب شیریں کو کیسے بھولا جاسکتا ہے ۔آئیے !عید کے پُر مسرت مو قعے پر گھر والوں کے لیے لذیذ پکوان تیار کرکے عید کا مزہ او ر خوشیاں دوبالا کریں ۔

…مٹن دہی کڑاہی …

اجزاء: مٹن ایک کلو،دہی ایک پائو ،لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچہ ،تیل ایک کپ،کٹی ہوئی سرخ مرچ دو چائے کے چمچے،ہلدی پائوڈرآدھا چائے کا چمچہ ،نمک حسب ِذائقہ ،دھنیا پائوڈر تین کھانے کے چمچے ،ہری مرچ (باریک کٹی ہوئی ) چار عدد،ہرا دھنیا حسب ِ ضرورت۔

ترکیب : سب سے پہلے کڑاہی میں تیل گرم کریں اور گوشت ڈال کر فرائی کرلیں۔ پانچ منٹ بعد سرخ مرچ ،نمک ،ہلدی اور ہرا دھنیا شامل کردیں۔ تھوڑی دیر بھوننے کے بعد دہی پھینٹ کر ملا ئیں ،ساتھ ہی دھنیا پائوڈر بھی ڈال دیں۔ پھر اس میں دو گلاس پانی ڈال کر گوشت کو گلائیں ۔جب خشک ہوجائے تو ہری مرچ ارو زیرہ پائوڈر ملاکر پانچ منٹ بھونیں ۔تیل نظر آنے لگے تو چولہا بند کردیں ۔مزیدار مٹن دہی کڑاہی تیار ہے ۔گرم گرم نان کے ساتھ پیش کریں ۔

…ملائی کوفتے گریوی…

اجزاء: کوفتو کے لیے قیمہ ایک کلو ،پیاز ایک عدد(چوپ کی ہوئی )،ہر ی مرچیںپانچ سے چھ عدد ،ہرا دھنیا آدھی گڈی ،پسا ہواگرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ ،خشخاش ایک چائے کا چمچہ ،بھنے چنے ایک کھانے کا چمچہ ،ملائی تین کھانے کے چمچے ،نمک حسبِ ذائقہ ،گریوی کے لیے : پیاز دو عدد (سلائس کی شکل میں کات لیں ) ، پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ ،پسا دھنیا ایک چائے کا چمچہ ، پسی ہوئی ہلدی آدھا چائے کا چمچہ،ادرک ،لہسن کا پیسٹ ایک چائے کاچمچہ ،دہی آدھی پیالی ،نمک حسب ِذائقہ ،تیل حسبِ ضرورت ۔

ترکیب: چوپر میں قیمہ ،پیاز ،ہری مرچیں ،ہرا دھنیا ، پسا ہوا گرم مسالہ،خشخاش ، بھنے چنے اور نمک ڈال کر باریک پیس لیں ۔اس کے بعداس میں ملائی مکس کر کے کوفتے بنالیں ۔پھر سوس پین میں تیل گرم کر کےپیاز ڈال کر فرائی کریں ۔سنہری ہوجائے تو پلیٹ میں نکل لیں ۔اس کے بعد گرائینڈر فرائی کی ہوئی پیاز اور دہی ڈال کر گرائینڈ کر لیں ۔ پھر اسی تیل میں دہی اور پیاز کا آمیزہ شامل کر کےدو سے تین منٹ تک پکائیں ۔ پسی ہوئی لال مرچ ،ہلدی اور پسا ہوادھنیا ،ادرک ،لہسن کا پیسٹ اور نمک ڈال کر بھون لیں ۔اب اس میں کوفتے شامل کر کے حسب ِ پسند گریوی کے لیے پانی شامل کردیں اور دس منٹ تک پکائیں ۔تیل اوپر آجائے تو چولہا بند کردیں ۔سرونگ ڈش میں نکال کر پیش کریں ۔

…زعفرانی ہانڈی پلاؤ…

اجزاء: چکن ڈیڑھ کلو ،چاول ایک کلو ،پسا ہوا ادرک لہسن دو چائے کے چمچے، پسی ہوئی سونف ایک چائے کا چمچہ ،پسا ہوا گرم مسالہ مایک چائے کا چمچہ، سونف چھ عدد، زعفران ایک چٹکی ،پیاز دو عدد، تیل حسب ِضرورت، نمک حسبِ ذائقہ، جائفل جاوتری حسبِ ذائقہ۔

ترکیب: سب سے پہلے چاول صاف کر کے آدھے گھنٹے کے لیے بھگودیں ۔اس کے بعد ایک دیگچی میں گھی گرم کر کے پیاز سنیری کریں ۔آدھی پیاز نکال لیں ،پھر اس میں چکن ،لیسن ،ادرک اور تمام اجزا ڈال کر بھون لیں ۔اس کے بعد دو گلاس پانی ڈال کر پکنے کے لیے رکھ دیں ۔چکن گلنے کے بعد چاول ڈال دیں ۔اور جب پانی خشک ہوجائے تو دم پر رکھ دیں ۔زعفران کو تھوڑی سے پانی میں بھگو دیں۔ سب سے آخرمیں جائفل ،جاوتری اور تلی ہوئی پیاز اوپر سے ڈال شامل کردیں ۔مزیدار زعفرانی ہانڈی پلائو تیار ہے ۔

… بریانی…

اجزاء: چاول ایک کلو ،چکن ڈیڑھ کلو ،ہری مرچ دس عدد،ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ،پسی مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچہ،ہلدی چوتھائی چائے کا چمچہ،پساہوا دھنیاڈیڑھ چائے کا چمچہ،لونگ چھ عدد،ہری الائچی چھ عدد،پانی دوکپ،پسی جائفل جاوتری چوتھائی چائے کا چمچہ،پسی ہری الائچی چوتھائی چائے کا چمچہ،تیز پتا ایک عدد،دارچینی دوٹکڑے،کالی مرچ دس عد د،کالا زیرہ آدھاچائے کا چمچہ،آلو بخارے آٹھ عدد،گھی آدھاکپ، تلی پیاز ایک کپ،لیموں سلائس ایک عدد،ٹماٹر سلائس ایک عدد،کٹی ہری مرچ چارعدد،دھنیا پودینہ حسبِ ضرورت۔

ترکیب: پہلے گوشت میں دوکپ پانی ڈال کرلہسن ادرک کا پیسٹ، ہری مرچ، نمک، پسی لال مرچ،ہلدی، لونگ، اور ہری الائچی ڈال کر پکائیں یہاں تک کہ گوشت گل جائے اور ایک کپ کے برابر پانی رہ جائے۔ اب اسی پین میں گوشت پرپسی جائفل جاوتری ، پسی ہری الائچی، تیز پتا ، دار چینی، کالی مرچ،لونگ اور کالا زیرہ ڈال دیں۔اب ان پر حسبِ ضرورت ہرادھنیا، پودینہ، ہری مرچ، لیموں، ٹماٹر، آلو بخارے اور دہی کا مکسچر ڈال کراوپر سے آدھا کپ گھی اور تلی پیاز ڈال دیں۔

دوسری پتیلی میں چاولوں کو تین کھانے کے چمچےنمک ڈال کرابال لیں یہاں تک کہ وہ آدھے تیار ہوجائیں پھر چاولوں کو چھانتے ہوئے ان میں آدھا کپ پانی بچالیں۔ پھرگوشت چاولوں پر پھیلادیں اورساتھ میں چاولوں کا پانی بھی ڈال دیں۔ اب اسے ڈھک کرتیز آنچ پرپانچ منٹ تک پکائیں اور پھر چولہے کی ہلکی آنچ کر کہ پندرہ منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں ۔ مزیدار بریانی تیار ہیں مختلف اقسام کے رائتے اورسلاد کے ساتھ پیش کریں۔

…شیر خرما…

اجزاء: سوئیاں چار کپ، دودھ ایک کلو، چھورے سات سے آٹھ عدد باریک کاٹ لیں ، بادام:دس عدد، پستے دس عدد، سیاہ کشمش آدھا کپ، گھی دو کھانے کے چمچے، ہری الائچی چھ دد، لونگ چارعدد، چینی ،حسبِ ذائقہ۔

ترکیب: سب سے پہلے دودھ گرم کریں اور اس میں چینی ملا کے اچھی طرح پکا لیں کہ وہ خوب گاڑھا ہوجائے جب گاڑھا ہوجائے تو اس میں چھورے ڈال کے کچھ دیرمزید پکائیں اور آنچ دھیمی کر دیں۔ دوسرے چولہے پر ایک برتن میں گھی شامل کریں۔ پھر سبز الائچی اور لونگ شامل کر کے تھوڑی دیر پکائیں کہ خوشبو آنے لگے۔اس کے بعد بادام، پستہ شامل کریں اور انہیں ہلکا سا فرائی کرکے اس مکسچر کو ایک طرف رکھ دیں۔ 

اب ایک پین لیں اس میں سوئیوں کو ہاتھوں کی مدد سے کچل کر اس پین میں ڈال کے گولڈن براؤن ہونے تک پکائیں۔ اب اس میں سیاہ کشمش شامل کریں اور درمیانی آنچ پر پکائیں۔ اس مرکب میں چھوروں کے ساتھ پکا ہوا دودھ، بادام اور پستے شامل کریںاور تھوڑی دیر تک پکائیں کہ سوئیاں اچھی طرح پک جائیں۔ پھر خوشبو کے لیے تھوڑا کیوڑا شامل کر کے بیس منٹ تک پکائیں۔ مزے دار شیر خرما تیار ہیں۔

تازہ ترین