• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ محض ایک دھوکا ہے، شہباز شریف


کراچی (ٹی وی رپورٹ)قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ محض ایک دھوکا ہے، کمیشن نے چینی ایکسپورٹ کرنے کے اصل ذمہ دار عمران خان کا بیان ریکارڈ ہی نہیں کیا۔

انکوائری کمیشن اتنا خوفزدہ تھا کہ وزیراعظم کو بلانے کی جرأت نہیں کرسکا،عمران خان کا چینی کمیشن بنانا الٹا چور کوتوال کو ڈانٹا ہے، چینی اسکینڈل میں میرے بچوں نے چینی ایکسپورٹ نہیں کی۔

چینی بحران سے فائدہ اٹھانے والوں نے ساری عمر عمران خان کا کچن چلایا ہے، سلیمان شہباز پاکستان سے کیوں غائب ہیں یہ سوال آپ ان سے کریں،سلیمان شہباز کے کاروبار سے میرا دور تک کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

میرا یقین پارلیمان اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی پر ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ مجھے گرفتار کرنا چاہتا ہے تو شوق سے کرے، چوہدری برادران کے ساتھ تعلقات میں سردمہری میں بہت کمی آئی ہے، ماضی کی دوریوں کو ختم کرنے کی شعوری کوشش کررہے ہیں۔وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ 

قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا کہ اٹھائیس مئی یوم تکبیر کے حوالے سے قوم کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں، 28مئی 1998ء کو عظیم پروگرام نے پاکستان کی سرحدوں کو ناقابل تسخیر بنادیا، مجھے نہیں لگتا کہ پھر کوئی ٹی وی پروگرام ہوگا اس لئے آج ہی یہ بات کررہا ہوں،عمران خان کا چینی کمیشن بنانا الٹا چور کوتوال کو ڈانٹا ہے۔

چینی اسکینڈل میں وزیراعظم عمران خان خود ملوث ہیں، یہاں معاملہ سبسڈی کا نہیں ہے گندم اور چینی کی برآمدات پر حکومتیں سبسڈی دیتی رہی ہیں، برآمدات کیلئے بنیادی اصول یہ ہے کہ ملک میں وہ چیز سرپلس ہو۔ 

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2018-19ء میں چینی سرپلس نہ ہونے کے باوجود تسلسل سے ایکسپورٹ ہوتی رہی، اس سال ہمارے پاس سرپلس نہیں تھا اس لئے ایکسپورٹ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

شوگر ایڈوائزری بورڈ کی تنبیہ کے باوجود ای سی سی نے چینی ایکسپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ،چینی برآمد کرنے کی اجازت وزیراعظم عمران خان نے ہوش و حواس میں دی۔

یہ معاملہ تین ارب کی سبسڈی کا نہیں کئی ارب کی ڈاکہ زنی کا ہے، روپے کی قدر میں چالیس روپے کمی سے ایکسپورٹرز نے اربوں روپے کا فائدہ حاصل کیا، چینی کی قلت پیدا ہوئی تو قیمتوں میں اضافہ کر کے غریبوں کی جیبوں پر کئی سو ارب ڈالر کا ڈاکا ڈالا گیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی بحران سے فائدہ اٹھانے والوں نے ساری عمر عمران خان کا کچن چلایا ہے، دو لاکھ روپے ٹیکس دینے والے کے کروڑوں روپے کے اخراجات کون برداشت کرتا تھا۔

چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت وزیراعظم نے دی جبکہ موردِ الزام ایکسپورٹ کرنے والوں کو ٹھہرایا جارہا ہے، چینی بحران میں اصل ذمہ دار عمران خان ہے پھر عثمان بزدار کی باری آتی ہے۔

تازہ ترین