• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کو چینی تحقیقاتی کمیشن میں کیوں نہیں بلایا گیا؟، مریم اورنگزیب


ترجمان پاکستان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے چینی انکوائری کمیشن رپورٹ پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کو چینی تحقیقاتی کمیشن میں کیوں نہیں بلایا گیا؟

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ کمیشن بنانا، رپورٹ شائع کرنا سب عمران صاحب کو بچانے کا سرکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی چوری کی منظوری عمران خان اور بزدار صاحب نےدی اور کرپشن شریف خاندان کی مِلوں نے کرلی؟

انہوں نے کہا کہ عمران، بزدارصاحب کو چینی چوری کی منظوری دینے کی میٹنگ کیسے یاد نہیں؟ وزیراعظم عمران خان نے چینی سبسڈی، برآمد اور مقامی مارکیٹ میں چینی مہنگائی کی اجازت دی۔

اُن کا کہنا ہے کہ چینی پرسبسڈی، برآمد سمیت ہر فیصلے کے ذمہ دار عمران صاحب ہیں، یہ سچ کیوں نظر نہیں آیا؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اصل چینی چور عمران صاحب کا رپورٹ سے نام غائب کرنے سے جرم ثابت ہوگیا، نواز شریف بطور وزیراعظم قانون کے سامنے پیش ہوسکتے ہیں تو چینی چور عمران صاحب کیوں نہیں؟

اُن کا کہنا ہے کہ شہباز شریف جھوٹے مقدمات میں عقوبت خانےمیں رہ سکتے ہیں تو عمران ،بزدار کو گرفتار کیوں نہیں کیا؟

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ خسرو بختیار کے بھائی سے پوچھ گچھ نہیں ہوئی کیونکہ اُن کے پاس کوئی سیاسی عہدہ نہیں ہے، خسرو بختیار کی پنجاب کی کسی بھی شوگر مل کو تحقیقاتی کمیشن میں شامل کیوں نہیں کیا گیا ؟خسرو بختیار کے بھائی کا کاروبار سے تعلق نہیں تو پھر شہباز شریف کا ان کے بچوں کے کاروبار سے تعلق کیسے بنتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب بتائیں مریم نواز، حسن، حسین سلمان، یوسف عباس کے پاس کون سا سیاسی عہدہ تھا؟ شریف خاندان پر جھوٹے مقدمات کیوں بنائے؟ روزانہ کی بنیاد پر ان کا میڈیا ٹرائیل کیوں کیا گیا ؟

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ مریم نواز شریف کے پاس کون سا سیاسی عہدہ تھا کہ اُنہیں دو مرتبہ سزائے موت کی چکی اور نیب کے عقوبت خانے میں رکھا گیا؟

نواز شریف کی رمضان شگر مل بند پڑی ہے؟ کرپشن کہاں سے ہو گئی؟ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی شوگر مِل قانون کے مطابق کام کرتی ہیں، ایف بی آر ہر سال سرٹیفائے کرتا ہے تو کرپشن کیسے ہو گئی ؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شریف خاندان کی کسی مِل نے ایک دھیلے کی چینی برآمد نہیں کی؟ چینی برآمد کا ثبوت لائیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلی رپورٹ میں شریف خاندان کی مِل کا نام موجود نہیں تھا، عمران خان کو بچانے کے لئے شہباز شریف کے نام کی پرچی ڈالی گئی، عمران صاحب کوئی شرم بھی ہوتی ہے کوئی حیا بھی ہوتی ہے۔ 

تازہ ترین