• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کے حادثے میں 72 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پرواز لینڈنگ سے چند سیکنڈ پہلے حادثے کا شکار ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

حادثے کے شکارطیارے کے بلیک باکس کااہم حصہ کوئیک ایکسِس ریکارڈر مل گیا، ذرائع کے مطابق کوئیک ایکسِس ریکارڈر سول ایوی ایشن حکام کے حوالے کردیا گیا، کوئیک ایکسِس ریکارڈر میں ایئرٹریفک کے علاوہ کاک پٹ کی گفتگو کا ریکارڈ ہوتا ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 نے دوپہر 2 بجکر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔

طیارہ لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔

اطلاعات ہیں کہ جہاز میں 91 مسافر اور عملے کے 7 ارکان سمیت 98 افراد سوار تھے، حادثے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی جس نے قریب کی آبادی کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔

PIA کی پرواز کو کراچی میں حادثہ، 100 افراد جاں بحق
24 نیوز کے ڈائریکٹر پروگرامنگ انصار نقوی

ٹوئنٹی فور نیوز کے ڈائریکٹر پروگرامنگ انصار نقوی اسی جہاز پر سوار تھے، ان کے اہلِ خانہ اور دفتر کی انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔

جہاز گرنے سے تباہ ہونے والے ایک مکان سے پانچ سالہ بچے اور 33 سالہ مرد کی لاشیں نکالی گئی ہیں، اسی گھر سے نکالے گئے 4 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

کراچی کے جناح اسپتال میں طیارہ حادثے کے بعد ایمرجنسی صورتِ حال نافذ کر دی گئی ہے۔

سول ایوی ایشن، فائر بریگیڈ، پولیس، رینجرز اور دیگر اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر جہاز سے متعلق تمام ریکارڈ سیل کر دیا گیا ہے۔

متاثرہ علاقے کو فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افراد نے گھیرے میں لے لیا ہے، طیارہ حادثے کے باعث متصل علاقے کی بجلی معطل ہو گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق پاکستان آرمی کی کوئیک ری ایکشن فورس اور پاکستان رینجرز سندھ کے دستے جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں جو سول انتظامیہ کے ساتھ امدادی کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں۔

PIA کی پرواز کو کراچی میں حادثہ، 100 افراد جاں بحق
پائلٹ کیپٹن سجاد گل

حادثے میں جاں بحق ہونے والے طیارے کے عملے میں پائلٹ کیپٹن سجاد گل کے علاوہ دیگر ارکان میں عثمان عظیم، فرید احمد چوہدری، عبدالقیوم اشرف، ملک عرفان رفیق، مدیحہ ارم، امینہ عرفان اور عاصمہ شہزادی شامل تھے۔

قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے ترجمان کا سانحے کے حوالے سے کہنا ہے کہ آج دل خراش واقعہ پیش آیا ہے، پرواز 8303 میں 91 مسافر سوار تھے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ایمرجنسی آپریشنز فوری فعال ہو گئے ہیں،کسی تیکنیکی خرابی کی نشاہدہی کرنا قبل از وقت ہوگا، تحقیقات کے بعد تمام حقائق منظرِ عام پر آئیں گے۔

ترجمان پی آئی اے کا یہ بھی کہنا ہے کہ افواہوں پر یقین نہیں کرنا چاہیے، کچھ دیر میں تفصیلی پریس کانفرنس کریں گے، طیارہ زیادہ پرانا نہیں تھا، اس کی صرف 10 سے 12 سال عمر تھی۔

تازہ ترین