نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے پی آئی اے کے طیارے کے حادثے پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ وہ طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ طیارہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔
واضح رہے کہ لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 نے دوپہر 2 بجکر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔
طیارہ لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔
حادثے کی تحقیقات کے لیے وفاقی حکومت نے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو ایک ماہ کے اندر ابتدائی تحقیقات مکمل کرے گی۔