• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیارہ حادثہ‘ اقوام متحدہ ‘ OIC اورعالمی رہنماؤں کا اظہار افسوس

اسلام آباد(اے پی پی) اقوام متحدہ‘ اوآئی سی‘ عالمی رہنماؤں اورپاکستان میں غیرملکی سفارتی مشنز نے پی آئی اے کے مسافر بردارطیارے کے حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پرگہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہارکیاہے۔

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن ‘بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ، کینیڈاکے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو، افغانستان کے صدراشرف غنی، نیپال کے وزیراعظم کے پی شرما اولی، ترکی کے وزیر خارجہ مولوت کاوسگلو، پاکستان میں امریکا، چین، فرانس، نیدرلینڈ، اوریورپی یونین نے طیارے کے حادثہ میں انسانی جانوں کے نقصان پرگہرے رنج وغم اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے قیمتی جانی نقصان پر تعزیت کرنے والے تمام عالمی رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کے عوام دکھ کی اس گھڑی میں عالمی رہنماؤں کی حمایت اور اظہار یکجہتی کی بے حد قدر کرتے ہیں اور ان کے جذبات پر ان کے مشکور ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے واقعہ پراپنے گہرے رنج وغم کااظہارکیاہے ۔ سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے کہاکہ اقوام متحدہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت ، عوام اورغم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

نریندرمودی نے ٹوئٹرپرجاری پیغام میں کہاہے کہ پاکستان میں طیارے کے حادثہ میں انسانی جانوں کے نقصان پرانہیں افسوس ہوا ہے۔

صدراشرف غنی نے اپنے پیغام میں کہا کہ غم کی اس گھڑی میں افغان عوام پاکستان کے ساتھ ہیں۔ پاکستان میں چینی سفارت خانہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ گہرے رنج وغم کااظہارکیاہے۔

پاکستان میں امریکا کے ناظم الامورپال جونز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی مشن کی طرف سے وہ پاکستان کے عوام اورغم زدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہارکرتے ہیں۔ 

ترکی کے وزیرخارجہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں حادثہ پرافسوس کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ وہ پاکستانی بہنوں اوربھائیوں کے غم میں شریک ہیں۔

یورپی یونین کے سفیر اندرولا کامی نارا، ہالینڈ کے سفیر واوٹرپلومپ، اور پاکستان میں فرانسیسی سفارت خانہ نے بھی اس حادثہ پراپنے گہرے رنج وغم کااظہارکیاہے۔

پاکستان میں جاپان کے سفیرمسٹوڈا کونینوری نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ وہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہاہے کہ کینیڈاکے عوام دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کے عوام کے ساتھ ہیں۔

تازہ ترین