کوئٹہ ( اسٹا ف رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ثاقب کاکڑ نے کہا ہے کہ عوام کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے سماجی فاصلہ اوراحتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ ہم اپنے پیاروں کو کورونا جیسی وباء سے محفوظ رکھ سکیں ،بازارو ں میں رش کے باعث دکاندار حکومت کی جانب سے دی جانے والی ایس او پیز پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچائو کا واحد حل احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اور باربار صاف پانی سے ہاتھ دینے سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر کی وجہ سے بازاروں میں عوام کا بے پناہ رش ہے جس کی وجہ سے کورونا کے پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ،عوام اور دکانداروں کو چاہئے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر ہر صورت عمل کریں تاکہ وہ کورونا سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے علماء کرام پر زوردیا کہ وہ عیدالفطر کی نماز کے دوران سماجی فاصلے کا خیال رکھیں تاکہ لوگ کورونا وائرس سے متاثر نہ ہوں اور وہ اپنا مذہبی فریضہ بھی ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے عوام کو بھی چاہئے کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔