کوئٹہ (پ ر) ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے زیراہتمام وفاقی حکومت کی جانب سے ریجنل اخبارات کو25 فیصد کوٹہ سے محروم کرنے‘ سروے کے نام پر ہراساں کرنے کیخلاف احتجاجی تحریک کاآغاز کردیا گیا۔ایکشن کمیٹی کی جانب سے کورونا وائرس کے پیش نظر چیئرمین غفار لانگو کی سربراہی میں 16 رکنی وفد نے ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے پی آئی ڈی آفس کوئٹہ میں پرامن احتجاج ریکارڈ کرایااور پی آئی ڈی آفس کے ڈائریکٹر کو ریجنل اخبارات کی اہمیت اور مسائل کے حوالے سے یاداشت پیش کی گئی۔ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا کہنا تھاکہ ملک بھر کے ریجنل اخبارات لاوارث نہیں ان اخبارات سے ملک بھر کے لاکھوں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے اور کسی صورت کسی کو بھی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ لاکھوں افراد کو بیروزگار کرے اور ملک کی موجودہ معاشی صورتحال بھی کسی ایسے اقدام کی متحمل نہیں ہوسکتی اس لئے وفاقی حکومت فوری طور پر ریجنل اخبارات کا 25فیصد کوٹہ فوری بحال‘اخبارات کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند اور مراعات کا اعلان کرے۔ملک بھر کے ریجنل اخبارات سے لاکھوں پڑھے لکھے نوجوانوں کا روزگار وابستہ ہے‘نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے منشور کے تحت تحریک انصاف نے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن ریجنل پریس کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک حکومت کی اپنی پالیسی کی نفی کررہا ہے۔ ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان وزیراعظم عمران خان سے اپیل کرتی ہے کہ فوری طور پر اس اہم مسئلے کو حل کرنے کیلئے احکامات جاری کریں۔اگر وفاق کی جانب سے پریس دشمن رویہ ترک نہ کیا گیا تو ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان اپنے طے شدہ پروگرام کے تحت عید الفطر کے بعد مرحلہ وار احتجاج کا سلسلہ مزید سخت کرنے پر مجبور ہوگی۔