آپ آف لائن ہیں
پیر 9؍ شوال المکرم 1441ھ یکم جون 2020ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

بھارتی فنکاروں کا PIA طیارہ حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار

گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے پی آئی اے طیارے کے افسوسناک حادثے پر بھارتی فنکاروں نے شدید غم کا اظہار کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغامات جاری کردیے۔

بالی ووڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’پی آئی اے طیارہ حادثہ ایک انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔‘

انوپم کھیر نے طیارہ حادثے میں اپنے پیاروں کو کھو دینے والے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ خدا جلد اُن کو اِس بڑے سانحہ میں صبر عطا کرے۔‘

اُنہوں نے اپنے پیغام میں طیارہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دُعا کی۔

بھارتی فلم اسٹار انیل کپور نے بھی ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی آئی اے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دِلی تعزیت کی اور ساتھ ہی زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا بھی کی۔

دوسری جانب بھارتی گلوکار ارمان ملک نے بھی ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ ’میں نے کراچی میں طیارے کے المناک حادثے کے بارے میں سُنا ہے مجھے نہیں معلوم کہ میں اِس افسوسناک واقعے پر کیا کہوں بس اتنا کہنا چاہوں گا کہ اِس حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی روحوں کو سکون ملے۔‘

ارمان ملک نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ سال 2020 ہمیں مزید کون کون سے تجربات اور واقعات سے دوچار کرے گا۔‘

بھارتی گلوکار گرو راندھاوا نے بھی پی آئی طیارہ حادثے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ ’کراچی طیارہ حادثے کے بارے میں سُن کر بہت دُکھ ہوا۔‘

گرو راندھاوا نے کہا کہ ’میری دُعا ہے کہ جو لوگ اِس حادثے میں بچ گئے ہیں وہ جلد صحتیاب ہوں اور جو لوگ اپنی جان کی بازی ہار گئے ہیں اُن کے اہلِ خانہ کو صبر عطا ہو۔‘

یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کے حادثے میں97 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، پرواز لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے حادثے کا شکار ہوئی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید