• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تبسم حسین کی جمعہ کی نماز کیلئے عدالت میں درخواست

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) کورونا وائرس کی وجہ سے مساجد سمیت تمام عبادت گاہوں میں اجتماعی عبادت پر حکومت کی جانب سے لگائی گئی پابندی کے خلاف جمعیت تبلیغ الاسلام بریڈفورڈ کی ایک برانچ بارکر اینڈ روڈ مسجد کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین تبسم حسین نے عدالت سے جمعہ کی نماز کے لیے محکمہ صحت اور سماجی نگہداشت کے خلاف حکم امتناعی حاصل کرنے کے لیے درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ مساجد میں عبادات پر پابندی لگانا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔تاہم عدالت نے ناکافی ثبوت ہونے کی وجہ سے جمعہ کی نماز کے لیے اجازت نہ دیتے ہوئے مکمل سماعت کے لیے کیس کو ہائی کورٹ کے فل بینچ میں مزید سماعت کے لیے ریفر کر دیا محکمہ صحت اور سماجی نگہداشت کے وکیل نے اپنی دستاویزات میں تحریر کیا کہ یہ غیر متنازع مداخلت ہے اور لوگوں کو محفوظ رکھنے کیلئے بالکل صحیح حکمت عملی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ واضح ہدایات موجود ہیں کہ وائرس کس قدر خطرناک ہے اور لوگوں کے ایک جگہ جمع ہونے سے کتنا جلدی پھیلتا ہے۔ عدالتی کارروائی کے دوران تبسم حسین کے بیرسٹر نے جج کو بتایا کہ جمعے کی نماز کی ادائیگی فرض ہے اور اسلام کے بنیادی پہلوئوں میں سے ایک ہے۔ نماز کی بنیاد یہ ہے کہ اسے جسمانی طور پر اجتماعی صورت میں ادا کیا جاتا ہے اور یہ بندش نہ صرف جسمانی طور پر اسلام کے اس اصول کو روکتی ہے بلکہ یہ بندش رمضان کے مہینے میں سامنے آئی ہے جب تمام مذہبی امور پر سختی سے عمل پیرا ہوا جاتا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پابندی سے مسلمانوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔تبسم حسین کی وکیل نے مزید کہا کہ اس پابند ی کے ہونے کے باوجود لوگوں کو باغیچوں،شاپنگ سینٹرز اور گھروں میں محدود ایکٹیوٹی کی تو اجازت ہے لیکن مدعی سماجی دوری رکھتے ہوئے بھی اجتماعی نماز کی ادائیگی سے قاصر ہے۔ وکیل نے استدعا کی کہ مسٹر حسین کے پاس واضح پلان موجود ہے جس کے مطابق سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے صرف 50 لوگ ایک وقت میں نماز ادا کر سکیں گے اور مسجد کو صرف ڈیڑھ گھنٹہ تک ہی کھولا جائے گا۔اس موقع پر جمعیت تبلیغ الاسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت نوشاہی نے کہا کہ جمعیت تبلیغ السلام برطانوی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے حکومت کی کوویڈ 19 کے حوالے سے دی گئی گائیڈ لائن پر مکمل عمل پیرا ہے۔ جمعیت تبلیغ السلام کی بریڈفورڈ میں بے شمار برانچیں ہیں اور ہر برانچ کی اپنی خودمختار ایگزیکٹو کمیٹی ہے جو اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہیں۔ بارکر اینڈ روڈ مسجد کے چیئرمین چوہدری طالب حسین نے کہا کہ عبادت گاہوں پر پابندیوں کے خلاف عدالت سے انصاف صرف کسی ایک مسجد کے لیے آواز اٹھانا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے آواز اٹھانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صحت کے بنیادی اصولوں پر عمل پیرا رہتے ہوئے اور سماجی فاصلوں کو برقرار رکھتے ہوئے مسلمانوں کا بنیادی حق ہے کہ وہ اپنی عبادات میں حصہ لے سکیں۔ اس حوالے سے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے اس بنیادی حق کا احترام کرتے ہوئے مساجد میں عبادات کی اجازت دی جائے ۔ 

تازہ ترین