• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا ٹیسٹ کے بغیر24ملین سے زائد افرادبرطانیہ میں داخل

 راچڈیل (نمائندہ جنگ) لاک ڈائون کے دوران گزشتہ تین ماہ میں کورونا ٹیسٹ کے بغیر24ملین سے زائد افراد کے برطانیہ میں داخل ہونیکا انکشاف ہوا ہے تاہم اب کورونا وائر س کا پھیلائو روکنے اور انفیکشن کے شکار مریضوں کی شناخت کیلئے خود کار سسٹم کے تحت اسکریننگ کرنیوالے جدید ترین کیمروں کو ائیر پورٹس پر نصب کیا جا رہا ہے جس سے کورونا وائرس کے مریض کی تشخیص میں آسانی ہوگی ۔ہیتھرو ائیر پورٹ کے ٹرمینل 2پر جدید کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں جو مسافروں کی خود کار سسٹم کے تحت اسکریننگ کر کے جسم کا درجہ حرارت چیک کریں گے برطانوی ہوم آفس کے اعدادو شمار کے مطابق غیر ملکی وزیٹرز سمیت 23.7ملین لوگوں نے جنوری سے مارچ کے دوران برطانیہ کے مختلف ہوائی اڈوں کے ذریعے سفر کیا ۔برطانیہ کے لیے سفر کو محفوظ بنانے کی غرض سے حکومت ا ب جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لے رہی ہے کیمروں کی مدد سے انسانی جسم کا درجہ حرارت خود کار سسٹم کے تحت چیک کیا جا سکتا ہے جس کے ذریعے کورونا کے مریضوں کو الگ کرنے میں آسانی رہے گی۔چین کے شہرووہان سے پھیلنے ہونیوالا کورونا وائرس لوگوں کی نقل وحمل کے باعث پوری دنیا میں پھیلتا رہا اس دوران ہوائی اڈوں پر مسافروں کی چیکنگ کا نظام متعارف کرانے کی بجائے انہیں خود کو الگ تھلگ رکھنے اور معاشرتی فاصلہ بنانے کی ہدایات دی جاتی رہیں۔ برطانوی ہوم آفس کے اعدادو شمار کے مطابق اس دوران 35ہزار کے قریبی چینی شہریوں اور 1لاکھ 33ہزار ہندوستانیوں نے برطانیہ کا سفر کیا ہے۔ وباء کے دوران برطانیہ کیلئے سفر کرنیوالے یورپین شہریوں کی گنتی نہیں کی گئی کیونکہ وہ اب بھی ویزا فری برطانیہ پہنچ رہے ہیں اب کورونا انفکیشن کا شکار چائینز‘ یورپین ‘ انڈین یا ایشیاء کے دیگر ممالک کے شہریوں کی خود کار سسٹم کے ذریعے شناخت ہونے پر انہیں گھر جانے یا قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کرنے میں آسانی ہوگی چین ، جاپان ، ایران اور اٹلی سے آنے والے مسافروں کی مانیٹرنگ کا عمل سخت کر دیا گیا ہے ۔
تازہ ترین