• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نماز عید گھروں میں ادا کی جائے،عبدالاعلی درانی

بریڈفورڈ (پ ر) مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ کے سیکرٹری اطلاعات مولانا حافظ عبدالاعلی درانی نے کہا ہے کہ اس بار لاک ڈاؤن کی وجہ سے اہل اسلام کا اہم ترین تہوار عید الفطر بھی حسب سابق نہیں منایا جا سکے گا بلکہ نماز عید حسب استطاعت گھروں میں ہی ادا کی جائے گی ۔اس طرح کا اجتماعی طور پر مشکل وقت امت پر اس سے پہلے کبھی نہیں آیا لیکن حالات کی مجبوری ہے۔مولانا عبدالاعلیٰ نے کہا کہ قانونی اور صحت کی مجبوریوں کی وجہ سے مرکزی جمعیت اہل حدیث سے وابستہ تمام علما نے جن میں امیر مولانا محمد ابراہیم میرپوری، ناظم اعلیٰ مولانا حبیب الرحمٰن ، معروف سکالر مولانا عبدالہادی شامل ہیں نے، متفقہ طور پراس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ نماز عید کا گھروں میں ادا کرنے کا ناخوشگوار فریضہ بھی اس بار اسی طرح ادا کرنا ہوگا جس طرح فرض نمازوں اور جمعہ میں ہم کررہے ہیں کہ جو نماز پڑھانے اور خطبہ دینے کی صلاحیت رکھتاہے اسے گھر ہی میں اسے ادا کرنا ہوگا پہلی رکعت میں تکبیر تحریمہ کے بعد سات زائد تکبیرات اور دوسری رکعت میں کھڑے ہوتے ہی زائد پانچ تکبیرات کہی جائیں گی نماز کے بعد اگر خطبہ دینے کی صلاحیت ہو تو خطبہ دیا جائے گا ورنہ نماز پر ہی اکتفا کیا جائے گا انہوں نے کہا باذن اللہ یہ وائرس اور لاک ڈاؤن کی مجبوریاں بہت جلد ختم ہوجائیں گی اور دوبارہ پہلے والے حالات بحال ہوجائیں گے ۔
تازہ ترین