• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فنکاروں کیلئے ریلیف پیکیج‘ وزیر اعلیٰ نے سمری مسترد کر دی

پشاور(احتشام طورو وقائع نگار)خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈائون سے متاثرہ فنکاروں کے لئے ریلیف پیکج نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے محکمہ ثقافت کی طرف سے فنکاروں کو ریلیف پیکج کی فراہمی کے لئے بھیجی جانیوالی سمری مسترد کردی فنکار برادری نے ریلیف پیکج سمری مسترد کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فنکاروں کو فوری ریلیف پیکج کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ لاک ڈائون کی وجہ سے دیگر لوگوں کی طرح فنکار برادری بھی شدید متاثر ہوئی ہے محکمہ ثقافت کے ذرائع کے مطابق کہ لاک ڈائون کے دوران محکمہ ثقافت نے صوبہ بھر کے فنکاروں کو ان مشکل حالات میں ریلیف کی فراہمی کے لئے ایک سمری وزیر اعلی کو ارسال کی تھی تاہم یہ سمری وزیر اعلی کے پاس دو ماہ تک پڑی رہی اور گزشتہ روز وزیر اعلی نے فنکاروں کے لئے ریلیف پیکج پر مشتمل سمری سے اتفاق نہ کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا اس حوالے سے وزیر ثقافت شوکت یوسفزئی کا موقف جاننے کے لئے بار بار رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے موبائل اٹینڈ نہیں کیا۔ اس حوالے سے فنکاروں نے وزیر ثقافت سے بھی ملاقاتیں کیں لیکن ریلیف پیکج کے حوالے سے کسی قسم کی پیش رفت نہ ہو سکی اس حوالے سے فنکاروں کی تنظیم آواز کے صدر طارق جمال معروف پست قد اداکار زرداد بلبل معروف گلوکار و ہنری ٹولنہ کے صدر راشد احمد خان ہنری وارثان کے ارشد حسین گوہر جان سینئر فنکاروں عشرت عباس احمد سجاد نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے سمری مسترد کرنے پر شدید افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ فنکار کی مثال بھی دیہاڑی دار مزدور کی طرح ہے کام ہوگا تو گھر کے چولہے جلیں گے دیگر دیہاڑی دار کی طرح ہمارے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں لیکن حکومت اور بالخصوص محکمہ ثقافت نے فنکاروں اور ہنرمندوں کا پوچھا تک نہیں اور انہیں مکمل طور پر نظر انداز کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ فنکار برادری کے ساتھ حکومت کی طرف سے امتیازی سلوک سمجھ سے بالاتر ہے ۔
تازہ ترین