سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ میری ذاتی رائے ہے کہ نیب کا ادارہ ختم کر دینا چاہیے بغیر ثبوت کے کسی کو بھی گرفتار کرنا درست نہیں کچھ حکومتی لوگ بھی اپنی حکومتی پالیسیوں سے نالاں ہیں یہی وجہ ہے انہیں نیب سے ڈرایا جا رہا ہے۔
سردارایاز صادق پی آئی اے طیارہ حادثہ میں شہید ہونیوالے پائلٹ سجاد گل کے گھر آئے اور اہلخانہ سے تعزیت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگومیں ایاز صادق کا کہنا تھا کہ نیب کی پرفارمنس پر سوالیہ نشان لگ چکے ہیں ، ہم انصاف چاہتے ہیں، انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہییں ، حمزہ شہباز اور خورشید شاہ کے خلاف ابھی تک کچھ ثابت نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حلفاً کہتاہوں کہ اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنے کے حوالے سے نون لیگ نے کوئی حامی نہیں بھری ، اگر اٹھارویں ترمیم میں ردو بدل کرنا ہے تو چھوٹے صوبوں کو ساتھ بٹھانا پڑے گا۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس صرف کورونا کے لیے بلایا گیا تھا لیکن اجلاس میں کورونا سے متعلق حکومتی حکمت عملی نظر نہیں آئی۔