پشاور( کرائم رپورٹر) تھانہ آغہ میرجانی شاہ پولیس نے جعلی سرکاری ملازم کو گرفتار کرکے اس کی گاڑی سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔ڈی ایس پی سبرب احتراز خان کو اطلاع ملی تھی کہ منشیات سمگلنگ میں ملوث ملزم کسی بھی وقت منشیات سمگل کرنے کی کوشش کرے گا جس پر ایس ایچ او تھانہ آغا میر جانی شاہ عمران الدین نے رنگ روڈ ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک موٹر کار کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزم نے بھاگنے کی کوشش کی، پولیس پارٹی نے گاڑی کا تعاقب شروع کیا جس کو نزدیک ہی قابو کر کے گاڑی کے خفیہ خانوں سے 30 کلو گرام چرس اور 10 کلو گرام اعلی کوالٹی ہیروئن برآمد کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف اداروں کے جعلی سروس کارڈز اور جعلی نمبر پلیٹس بھی برآمد کئے گئے، گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات پنجاب سمگل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے جعلی سروس کارڈز اور نمبر پلیٹس پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو دھوکہ دینے کی خاطر استعمال کرنے کا انکشاف کیا ہے جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔