رواں سال شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے پاکستانی فلم و ٹی وی انڈسٹری کے سابق اداکار فیروز خان کا کہنا ہے کہ میوزک اینڈ سوشل ایپ ٹک ٹاک پر اُن کا کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔
جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’خانی‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے فیروز خان نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی۔
انسٹاگرام اسٹوری میں فیروز خان نے اُن کے نام سے منسوب ایک ٹک ٹاک اکاؤنٹ کی تصویر شیئر کی۔
اِس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے فیروز خان نے کہا کہ ’ٹک ٹاک پر میرا کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے، میرے نام سے منسوب کسی نے ٹک ٹاک پر جعلی اکاؤنٹ بنایا ہے۔‘
فیروز خان نے اپنے مداحوں سے کہا کہ ’اِس اکاؤنٹ کو رپورٹ کریں تاکہ جلد از جلد یہ جعلی اکاؤنٹ بند ہوسکے۔‘
یاد رہے کہ ڈرامہ سیریل ’خانی‘ سے شہرت پانے والے سابق اداکار فیروز خان نے اپنی باقی زندگی اسلام کی تعلیمات کی تبلیغ میں گزارنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے رواں سال شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔
اِس موقع پر فیروز خان کی اہلیہ کا اپنے شوہر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’یہ روحانی سفر آپ کی زندگی میں مزید اعتماد لائے اور آپ کے مقصد کی تکمیل ہو۔‘
واضح رہے کہ فیروز خان نے 2014 میں ڈرامہ سیریل ’چپ رہو‘ میں اداکاری کرکے شوبز کی دنیا میں باقاعدہ قدم رکھا تھا جس کے بعد انہوں نے متعدد ڈراموں میں کام کیا۔
اُنہوں نے 2016 میں فلم ’زندگی کتنی حسین ہے‘ میں اداکاری کرکے فلمی دنیا میں انٹری دی تھی۔