• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف ایٹمی دھماکے کرنے کے سخت خلاف تھے: فیاض چوہان

وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ساری دنیا جانتی ہے کہ نواز شریف ایٹمی دھماکے کرنے کے سخت خلاف تھے۔

یوم تکبیر کے موقع پر جاری کیے گئے ایک بیان میں پنجاب کےصوبائی وزیر فیاض چوہان نے شریف فیملی اور مسلم لیگ نون کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ نواز شریف عالمی قوتوں سے ڈالرز لے کر ایٹمی دھماکوں سے راہِ فرار اختیار کرنا چاہتے تھے، سابق وزیرِ خارجہ گوہر ایوب نے اپنی کتاب میں اس بات کا اعتراف کیا ہے۔

فیاض چوہان نے کہا کہ آلِ شریف اور نون لیگ کی جانب سے 28 مئی 1998ء کے ایٹمی دھماکوں کا کریڈٹ لینا ’بے گانے کی شادی میں عبداللّٰہ دیوانہ‘ کے مصداق ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 80ء کی دہائی میں جب قوم پیٹ پر پتھر باندھ کر ایٹمی پروگرام کی آبیاری کر رہی تھی تب آلِ شریف 2 سو سے 5 سو روپے ٹیکس دیا کرتے تھے۔

فیاض چوہان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کا کریڈٹ ذوالفقار علی بھٹو، جنرل ضیاء الحق، غلام اسحاق خان اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو جاتاہے۔

یہ بھی پڑھیئے: فیاض الحسن چوہان کا پھر متنازع بیان

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستانی قوم ان شخصیات کو ملک کو ایٹمی قوت بنانے کی کوششوں پر سلام پیش کرتی ہے۔

واضح رہے کہ 28 مئی 1998ء کو پاکستان نے صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی کے مقام پر 5 کامیاب ایٹمی دھماکے کیے تھے جس کی یاد میں یہ دن ہر سال یومِ تکبیر کے نام سے منایا جاتا ہے۔

تازہ ترین