برسلز (حافظ انیب راشد) یورپین یونین نے کورونا وائرس سے تباہ حال معیشت کی بحالی کیلئے 750 ارب یورو کا فنڈ تجویز کردیا۔ یورپین کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مذکورہ 750 ارب اور معاشی بحالی کی دوسری مدات کیلئے مختص رقوم ملا کر مجموعی رقم کا حجم 1 اعشاریہ 85 کھرب یورو تک جا پہنچے گا۔ ان میں وہ رقوم بھی شامل ہونگیں جنہیں 2021-27 کے یورپین بجٹ میں پہلے ہی سے متعین کردیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندر لین نے کہا کہ آئی ہوئی اس مشکل کو معاشی بحالی کے اس منصوبے کے ذریعے ایک موقع میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اس سے بحالی ہی نہیں بلکہ یہ ہمارے مستقبل کیلئے بھی سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی بحالی کا یہ منصوبہ ایک ایسے یورپ کی جانب سے ہے جس نے کرونا وائرس کی اس وباء میں نہ صرف ایک انسانی المیے کے طورپر اپنے 175000 شہری گنوائے ہیں بلکہ ایک بڑی معاشی تباہی کا بھی سامنا کیا کیا ہے۔ علاوہ ازیں معاشی بحالی کے اس مجوزہ منصوبے کے حوالے سے ایک علیحدہ اعلامیے کے ذریعے یورپین کونسل کے کے صدر چارلس مشل نے تمام ممبر ممالک سے درخواست کی ہے کہ وہ اس منصوبے کی تمام جزیات پر جلد سے جلد تفصیلی غور و خوض کرلیں تاکہ وہ اسے 19 جون کو منعقد ہونےوالی یورپین سمٹ میں پیش کر دیں ۔