• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائن ورلڈ کا جولائی میں اپنے تمام سینما ہاؤس کھول دینے کا منصوبہ

لندن ( پی اے ) برطانیہ کے دھیرے دھیرے لاک ڈائون سے باہر آنے کے باعث سائن ورلڈ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ جولائی میں اپنے تمام سنیمائوں میں فلموں کی نمائش کا آغاز کر سکے گا۔باسز کا کہنا ہے کہ پابندیاں اٹھنے کے بعد ملک کے طول وعرض میں ان کے سنیما کھول دیئے جائیں گے۔سنیما ورلڈ کو فی الوقت توقع ہے کہ سنیمائوں سے متعلق حکومت کی پابندیاں تمام ریجنز میں جولائی تک اٹھالی جائیں گی۔ سب سے بڑی سنیما فرم نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ مسئلہ حل ہونے اور فلموں کی ریلیز کیلئے شیڈول کی تصدیق پر سائن ورلڈ کو توقع ہے کہ جولائی میں اس کے سنیمائوں پر فلموں کی نمائش شروع ہو جائے گی۔ سائن ورلڈ نے اپنے ملازمین اور کسٹمر زکیلئے ایک محفوظ اور لطف انگیز ماحول میں سنیما بینی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر لئے ہیں۔ اس نے وعدہ کیا ہے کہ اس کے سنیما ہائوس مووی دیکھنے کیلئے بہترین مقام ہوں گے چاہے سوشل ڈسٹنسنگ کی شرائط پر عمل کرنا ضروری ہو۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ برلن میں ایک سنیما ہائوس نے شائقین فلم کے درمیان فاصلہ یقینی بنانے کیلئے اپنی سیٹیں اکھاڑ کر دوبارہ فاصلہ سے نصب کی ہیں۔ دیگر سنیمائوں نے سیٹوں کے درمیان پلاسٹک سکرین نصب کر دی ہے۔باسز نے مزید بتایا ہے کہ انہوں نے اپنے بینکوں سے قرض لے کر مزید 110 ملین امریکی ڈالر (90 ملین پونڈز) کا انتظام کیا تھا۔ حکومت کی سپورٹ سے اضافی 45 ملین ڈالر (37ملین پونڈز) کورونا وائرس لارج بزنس انٹرپشن لونز کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔ان خبروں کے بعد کمپنی کے شیئرز میں 25 فیصد اضافہ ہو گیا۔
تازہ ترین