• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فریال محمود اور دانیال راحیل نے شادی کرلی

پاکستان شوبز انڈسٹری کی ایک اور جوڑی اداکارہ فریال محمود اور اداکار دانیال راحیل نے لاک ڈاؤن کے دوران سادگی سے شادی کرلی۔

دانیال راحیل نے مداحوں اور دوستوں کو اپنے نکاح کی خوشخبری سُناتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر ایک پیغام جاری کیا۔

فیس بُک پر جاری کردہ پیغام میں دانیال راحیل نے کہا کہ ’میں اور فریال محمود دو سال قبل ملےتھے، اُس کے بعد ہماری دوستی ہوئی، ہم نے ایک دوسرے کو جانا اور پھر ساری زندگی ایک ساتھ گُزارنے کا فیصلہ کیا۔‘

دانیال راحیل نے کہا کہ ’چونکہ فریال کی پوری فیملی لندن میں مقیم ہے تو شادی کے سارے انتظامات میری فیملی نے کیے اور چند عزیز و اقارب کی موجودگی میں ہم نے شادی کی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’فریال سے شادی ہونے پر خود کو خوش قسمت محسوس کر رہا ہوں۔‘

فریال محمود کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد دانیال راحیل نے اپنی فیس بُک پروفائل بھی تبدیل کرلی۔

اداکار نے فیس بُک پروفائل پر اپنی اہلیہ کے ہمراہ شادی کی تصویر لگالی ہے۔

دوسری جانب فریال محمود نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اُن دوستوں کی اسٹوری شیئرکی جنہوں نے اُن کو نکاح کی مبارکباد پیش کی۔

اِس کے علاوہ فریال محمود نے اپنے مہندی والے ہاتھ کی تصویر بھی انسٹاگرام اسٹوری میں شیئرکی۔

یاد رہے کہ چند ماہ قبل فریال محمود اور دانیال راحیل نے یہ اعلان کیا تھاکہ وہ جلد ہی شادی کرنے والے ہیں جس کی تصدیق دانیال راحیل کی والدہ سیمی راحیل نے بھی کی تھی۔

تازہ ترین