• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جِلد کے بند مساموں کو کھولنے کے آسان طریقے

موسم گرما کے آتے ہی چہرے پر اضافی تیل آنے کے سبب جلد کے مسام بند ہو جاتے ہیں جس کے نتیجے میں ایکنی اور کیل مہاسوں جیسی شکایات میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔

ماہرین جلدی امراض کے مطابق چہرے کی جلد گرمیوں میں زیادہ توجہ مانگتی ہے ، گرمیوں میں زیادہ پسینہ آنا ، مردہ خلیوں کا بننا اور جلد جم جانا اور اضافی تیل آنے کے سبب جلد کی صحت خراب ہونے لگتی ہے ، جس کے نتیجے میں مسام بند ہو جاتے ہیں اور جلد سانس نہیں لے پاتی ، ایسی صورت میں ایکنی، کیل مہاسوں کے بننے کا عمل تیز ہو جاتا ہے اور چہرے پر بد نما دانے، زخم اور ضدی داغ دھبے پڑ جاتے ہیں ۔

گرمیوں میں چہرے کی جلد کی صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہیے ، ساتھ ہی میں اگر گھر کے بنے ہوئے سادہ اور آسان فیس ماسک کا استعمال بھی شروع کر دیا جائے تو ایکنی اور کیل مہاسوں سے جان چھڑائی جا سکتی ہے ۔

ان گرمیوں میں بند مساموں کو کھولنے اور جلد کو صحت مند بنانے کے لیے بغیر کسی بیوٹی پالر گئے اور خرچہ کیے مندرجہ ذیل آسان اور سادہ سے گھریلو ٹوٹکے آزمائیں اور صاف شفاف ، بے داغ چہرے کے لیے تعریفیں بٹورنے کے لیے تیار ہو جائیں:

فیس ماسک

ملتانی مٹی 

گرمیوں میں جلد نرم ملائم اور بے داغ بنانے کے لیے ملتانی مٹی کا استعمال نہایت مفید ہے ، ملتانی مٹی کو پانی میں 6 گھنٹے بھگو کر رکھ دیں ، اس میں سے اضافی پانی نکال کر یک جان بنا لیں اور چہرے پر 20 سے 25 منٹ کے لیے روزانہ لگائیں، بہترین نتائج حاصل کرنے کے لیے اس میں پودینے کے پتے پیس کر ، لیموں کے قطرے ، ہلدی صندل پاؤڈر بھی ملایا جا سکتا ہے ۔

ملتانی مٹی کے ماسک سے جلد کے مساموں میں اضافی تیل بننے کا عمل رُک جائے گا اور جلد پر موجود مردہ خلیے ’ ڈیڈ اسکن ‘ کا بھی صفایا ہوگا جس کے نتیجے میں مسام کھُل جائیں گے اور دانے بھی نہیں بنیں گے ۔

صاف جلد کے لیے ٹماٹر کا استعمال 

ٹماٹر میں قدرتی اسپرین پائی جاتی ہے ، اس کے چہرے پر لگانے سے رنگت صاف اور داغ دھبے دنوں میں غائب ہو جاتے ہیں، ٹماٹر ایکنی میں نہایت مفید ہے ، ٹماٹر کو پیس لیں اور اس میں چند قطرے لیموں ملا کر چہرے اور گردن پر لگا کر 20 منٹ کے لیے چھوڑ دیں، اسے چہرے پر رگڑے نہیں ، 20 منٹ بعد چہرہ ٹھنڈے پانی سے بغیر کوئی صابن اوور فیس واش استعمال کیے دھو لیں، یہ رات سونے سے قبل کرنے سے اچھے نتائج حاصل ہوں گے ۔

ٹماٹر کاٹ کر اس سے براہ راست چہرے پر مساج بھی کیا جا سکتا ہے ، یہ عمل15 منٹ کریں ۔

ایلو ویرا ( کنوار گندل)

ایلوویرا صاف جلد کی ضامن جڑی بوٹی ہے ، ایلوویرا کا جیل نکال کر اسے پیس کر لیموں کے رس کے ساتھ روئی کی مدد سے چہرے پر لگائیں، یہ مسام کھولنے اور جلد کی مجموعی صحت کے لیے بہترین عمل ہے ۔

ایلوویرا کا پتّہ لیں ، اب اسے ایک جانب سے کاٹ لیں اور اس کے جیل سے چہرے پر مساج کریں ، ایلوویرا ایک اینٹی آکسیڈنٹ جڑی بوٹی ہے اسے بہتر نتائج کے لیے کھایا بھی جا سکتا ہے ۔

نیم کے پتے لیں انہیں پودینے اور ٹماٹر کے ساتھ پیس کر یک جان بنا لیں ، اب اس میں چند قطرے لیموں کے ملائیں اور چہرے پر 15 سے 20 منٹ لگائیں ، ضدی سے ضدی سے  ایکنی دنوں میں غائب ہو جائے گی ۔

لیموں کا رس

لیموں وٹامن سے بھر پور ایک سٹریس فروٹ ہے ، سٹریس پھل سب ہی اسکن کے لیے مفید ہیں ۔

لیموں کو نچوڑ یں اور اسے روئی کی مدد دے چہرے پر لگا لیں، 10سے 15 منٹ بعد چہرہ دھو لیں ، اسکن صاف شفاف، نرم ملائم ہو جائےگی ، چہرے سے اضافی تیل بھی ختم ہو جائے جبکہ چکناہٹ بننے کا عمل بھی رُک جائے گا۔

کھیرے کا استعمال

کھیرا اسکن کے لیے بہترین ٹانک کی حیثیت رکھتا ہے، اس کا رس نکال کر چہرے پر اسپرے بھی کیا جا سکتا ہے جبکہ اسے کاٹ کر چہرے اور آنکھوں پر رکھنے سے جلد منٹوں میں تروتازہ شاداب نظر آتی ہے، چہرے پر تازگی لانے اور صاف اسکن کے لیے کھیرے کا استعمال غذا میں بھی ضرور کرنا چاہیے۔

گرمیوں میں جلد کی صفائی کیسے رکھی جائے ؟

اپنی بھاگتی دوڑتی زندگی میں سے تھوڑا وقت اپنے چہرے کی صفائی کے لیے ضرور نکالیں، چہرہ بار بار صاف پانی سے دھوئیں ، کم سے کم کیمیکل والا فیس واش استعمال کریں ۔

عرق گلاب کا استعمال کریں، ہر ایک آدھے گھنٹے بعد چہرے پر عرق گلاب کا اسپرے کریں۔

چہرے سے میک اپ اور کیمیکل والی پروڈکٹس کو دور رکھیں ۔

چہرے پر زیادہ دیر آئل نہ آنے دیں، ورنہ مسام میں آئل آجانے کی صورت میں مسام بند اور جلد پر دانے بننا شروع ہو جائیں گے ۔

چہرہ زیادہ چھوئیں نہیں۔

دانوں کو نوچنے سے گریز کریں۔

چہرے کی دیکھ بھال کے لیے کسی ایک مفید فیس ماسک کا ضرور استعمال کریں۔

تلی ہوئی مرغن غذاؤں اور مرچ مسالوں سے پر ہیز کریں۔

تازہ ترین