• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی وزیرستان میں بھی فصلوں اور باغات پر ٹڈیوں کا حملہ

جنوبی وزیرستان میں بھی فصلوں اور باغات پر ٹڈیوں کا حملہ


سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے بعد جنوبی وزیرستان میں بھی فصلوں اور باغات پر ٹڈیوں نےحملہ کردیا ہے۔

ٹڈی دل کے حملے سے سیب، میوہ جات کے باغات اور سبزیوں کی فصلیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

ٹڈیوں کے غول تین دن تک لودھراں میں تباہی مچانے کے بعد روانہ ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیرخوارک سید فخر امام نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے ٹڈیوں کے معاملے پر قومی سطح پر فیصلے کئےجائیں۔

راولپنڈی میں وفاقی وزیر خوراک سید فخر امام نے ملک میں فصلوں اور باغات پر ٹڈیوں کے حملے سے متعلق میڈیا پر بریفنگ کے دوران کہا کہ کبیر والا، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور سمیت 30 اضلاع میں ٹڈیوں نےحملہ کیا، ایران اور بھارت کی بھی مختلف ریاستوں میں ٹڈیوں کا حملہ ہوا ہے۔

سید فخر امام نے کہا کہ 60 اضلاع میں اس وقت ٹڈیاں موجود ہیں، کسانوں کو ٹڈیوں کے حملے کی پیشگی اطلاع دینے کے لیے کوشاں ہیں۔

 ٹڈیوں کے خاتمے کی مہم کیلئے عثمان بزدار کا ہیلی کاپٹر وقف 

 دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹڈیوں کے خاتمے کی مہم کیلئے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کردیا، پنجاب کے متاثرہ اضلاع میں ٹڈیوں کی سرویلنس کیلئے ہیلی کاپٹر کو استعمال میں لایا جاسکے گا۔

عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ محکمہ زراعت اور پی ڈی ایم اے حکام کو ہیلی کاپٹر استعمال میں لانے کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے متعلقہ محکموں اور اداروں کو ٹڈی دل سے فصلوں کو بچانے کیلئے 24 گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جون اور جولائی میں ٹڈی دل کے ممکنہ حملے کے حوالے سے پیشگی تیاریاں کی جائیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ اینٹی ٹڈی دل اسکواڈ کو میدان میں اتاردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ٹڈیوں کے حملے سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت بھی کردی ہے۔

تازہ ترین