پاک فضائیہ گلگت میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہے۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق غیر ملکیوں سمیت تقریباً 500 افراد کو نور خان ایئر بیس چکلالہ پہنچایا جا چکا ہے۔
ناردرن ایریا میں بارشوں نے تباہی مچا دی، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سیکڑوں افراد گلگت میں پھنسے ہیں، مصیبت کی اس گھڑی میں ایک بار پھر کام آئے پاک فوج کے جوان،آرمی چیف کی ہدایت پر مشن جاری ہے۔
کل سے شروع چار مشن مکمل ہوئے ہیں جن میں 15 تا 20 غیر ملکیوں سمیت 500افراد کو نور خان ائیر بیس پہنچایا گیا، جن کا کہنا ہے کہ وہ پاک فوج کے جوانوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مصیبت کی ا س گھڑی میں مدد کی اور بچا لیا۔
1500 سے 2000 تک ابھی بھی لوگ پھنسے ہوئے ہیں جن میں مریض بھی شامل ہیں ۔پاک فوج کے مطابق پہلے مرحلے میں گلگت میں پھنسے افراد کو نکالا جا رہا ہے، تمام متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا مشن جاری ہے۔