• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، بھارتی معیشت کو 2 دہائیوں میں بدترین نقصان، امریکا و روس میں ہلاکتوں میں اضافہ

پیرس، لندن، واشنگٹن(اےایف پی، جنگ نیوز، خبرایجنسیاں )کورونا وائرس،بھارتی معیشت کو2دہائیوں میں بدترین نقصان، امریکا و روس میں ہلاکتوں میں اضافہ ،بھارت میں بھی اموات چین سے تجاوز،کینیڈا کی معیشت پہلی سہ ماہی میں 8.2فیصد سکڑ گئی،ترکی میں2مہینے بعد عوام کیلئے مساجد کھول دی گئیں۔ تفصیلات کےمطابق دنیا بھر کی طرح کورونا وائرس سے بھارتی معیشت کو بھی بڑا دھچکا پہنچا ہے ، ملک کی معیشت کو گزشتہ سہ ماہی میں 2دہائیوں میں سب سے بدترین نقصان پہنچا ہے۔ غیر ملکی خبررساںادارے کے مطابق حکومتی اعداد وشمار اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ دنیا کے سب سے بڑے لاک ڈاؤن سے بھارتی معیشت کو گزشتہ سہ ماہی میں گزشتہ دو دہائیوں میں سب سے زیادہ نقصان پہنچا،ایشیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت میں جنوری سے مارچ کے عرصے میں صرف 301فیصد توسیع ہوئی اور اس کی بڑی وجہ لاک ڈاؤن ہے،ملک کی شرح نمو 402 فیصد ہے جو 2008 میں عالمی معاشی بحران کے بعد سے سب سے کم ترین سطح ہے۔ادھر دنیا بھر میں کورونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 59 لاکھ 63 ہزار 44 تک پہنچ گئی ہے۔عالمی وبا نے دنیا بھر میں 3 لاکھ 63 ہزار 905 افراد کی جان نگل لی ہے جبکہ 26 لاکھ 28 ہزار 359 افراد اس سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکا ہے جہاں 17 لاکھ 76 ہزار 77 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ ایک لاکھ 3 ہزار 674 متاثرین ہلاک ہوئے۔دوسرے نمبر پر برازیل ہے جہاں 4 لاکھ 38 ہزار 812 کیسز او 26 ہزار 764 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔گزشتہ رو ز امریکا میں 1300افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ روس میں 24گھنٹوں کےدوران اب تک سب سے زیادہ 232 اموات کی تصدیق ہوئی ،روس میں اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 4 ہزار 374 تک پہنچ گئی ہے۔کورونا وائرس کے نئے کیسز 8 ہزار 572 رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 3 لاکھ 87 ہزار 623 ہوچکی ہے۔بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران175 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے،رپورٹس کے مطابق بھارت میں ہلاکتوں میں اضافے کے بعد مجموعی تعداد 4 ہزار 706 ہوگئی ہے جو گزشتہ برس دسمبر میں سب سے پہلے کورونا کاشکار ہونے والے چین سے زیادہ ہے۔ادھر کینیڈا کی معیشت بھی کورونا وائرس کے باعث 8.2 فیصد سکڑ گئی تاہم تجزیہ کاروں نے 10 فیصد تک کی پیش گوئی کی تھی۔ترکی نے کورونا وائرس کی وجہ سے جاری لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے دو مہینے کے بعد عوام کے لیے مساجد کھول دیں،اے ایف پی کے مطابق ترکی مئی سے بحالی کی جانب گامزن ہے جہاں شاپنگ مالز سمیت حجام کی دکانیں کھلنے کی اجازت دے دی گئی ہے،ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ریسٹورانٹ، کیفے، لائبریری، پارکس اور ساحل پیر سے عوام کے لیے کھول دیے جائیں گے۔دوسری جانب آسٹریا میں سوئمنگ پول اور 100 مہمانوں کی شادی کی تقریبات کی اجازت دے دی گئی ہے اور دیگر پابندیاں بھی تیزی سے ہٹائی جا رہی ہیں۔ ملک میں وائرس اتنا زیادہ نہیں پھیلا اور اب تک وہاں 645 اموات ہوئی ہیں۔نیدر لینڈز میں ایک اور گوشت پراسیسنگ فیکٹری کے 130 ملازمین میں سے 21 میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ سپین لکی حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کی اجازت دے دی ہے اور پیر سے ملک کے 70 فیصد علاقوں میں سنیما، تھیٹر اور شاپنگ سنٹر کھل جائیں گے۔پرتگال میں کورونا وائرس کی وجہ سے کیے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے تیزی سے ترقی کرتی سیاحت کی صنعت تباہ ہو گئی ہے۔پرتگال کے انسٹیٹیوٹ کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں پرتگال میں غیرملکی سیاحوں کے قیام میں 98.3فیصد کمی آئی ہے جو تقریباً 71ہزار سے زائد بنتی ہے۔برازیل کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ایک روز میں ریکارڈ 26 ہزار 417 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 38 ہزار 238 ہوگئی۔غیرملکی خبررساںادارے کی رپورٹ کے مطابق برازیل میں ایک ہزار 156 مزید ہلاکتوں کے بعد عالمی وبا سے اموات مجموعی تعداد 26 ہزار 754 ہوگئی۔برطانوی وزیر خزانہ رشی سُونک کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں مزید 324 اموات ہوئی ہیں اور ملک میں اموات کی تعداد 38 ہزار 161 ہوگئی ہے۔ایران میں ایک بار پھر کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ دیکھاگیااور گزشتہ روز مزید 2,819افراد میں کورونا کی تصدیق ہوگئی،جس کے ساتھ ہی ملک میں مجموعی کیسز 146,668ہوگئے جبکہ 50 اموات بھی ریکارڈ کی گئیں۔

تازہ ترین