اسلام آباد (محمد صالح ظافر)سابق وزیر اعظم اور ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نےکہا ہےکہ قومی اثاثوں پر ایف آئی اے کے ڈی جی کی سربراہی میں کمیشن ہو تو انکشاف ہوگا ایٹمی پروگرام عمران خان، عثمان بزدار اور میڈم زرتاج گل نے بنایا ہے۔
سابق وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ کرپشن کے الزام میں وزیراعظم عمران خان اور میرے خلاف مقدمہ قائم کیا جائے جس کی سماعت براہ راست ٹیلی ویژن پر دکھائی جائے تاکہ عوام کو اصل حقائق کا کسی ملاوٹ کے بغیر پتہ چل سکے۔
انہوں نے یوم تکبیر کے حوالے سےمنعقدہ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چینی کمیشن میں وزیراعظم اور پنجاب کے وزیرا علیٰ سمیت ان حکومتی عہدیداروں کو بچانے کی کوشش کی گئی ہے جو حقیقی مجرم ہیں۔
حکومت کی طرف سے مختلف امور کی تحقیقات کے لئے قائم کردہ کمیشن اور ان کی رپورٹس کا تمسخر اڑاتے ہوئے مسلم لیگ نون کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر ایف آئی اے کے ڈائریکٹرجنرل کی سربراہی میں قومی اثاثوں کے حوالے سے کوئی کمیشن تشکیل دیدیا جائے تو وہ 347صفحات پر مبنی رپورٹ پیش کرے گا جس میں انکشاف کیا جائے گا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام فی الحقیقت عمران خان، عثمان بزدار اور میڈم زرتاج گل نے بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد صرف دو کام کئے ہیں ایک اپنے مخالفین کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرنا اور نیب کے ساتھ مل کرانہیں گرفتار کرانا دوسرا ہر وہ کام کرنا جس سے عوام کو تکلیف پہنچے اور پھر اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے کمیشن بناتے پھرنا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ حکومت کے قائم کردہ کسی کمیشن نے کوئی رپورٹ پیش نہیں کی جس میں خرابی کے اصل ذمہ داروں کا تعین ہو۔ انہوں نے کہا کہ چینی کمیشن میں وزیراعظم اور پنجاب کے وزیرا علیٰ سمیت ان حکومتی عہدیداروں کو بچانے کی کوشش کی گئی ہے جو حقیقی مجرم ہیں۔
تقریب سے مسلم لیگ نون کے سیکرٹری جنرل پروفیسر احسن اقبال اور پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی خطاب کیا۔
مسلم لیگ نون اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وڈیو لنک سے اس تقریب سے خطاب کیا جبکہ اختتام پر کیک کاٹا اور پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف کی جلد صحت یابی اور درازی عمر کے لئے دعا کی گئی۔