• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بٹگرام ،شقی القلب شخص نے اپنے ہی خاندان کے5افراد کوقتل کر دیا

بفہ، بٹگرام (نمائندہ جنگ ، نامہ نگار ،جنگ نیوز) بٹگرام میں خون کی ہولی ،علاقہ بر بانڈہ پزنگ تحصیل الائی میں شقی القلب شخص نے اپنے ہی خاندان کے 5افراد کو قتل کردیا ،قتل ہونے والوں میں اس کی دو بیویاں، بہو، بیٹی اور بیٹا شامل ہیں،بٹگرام پولیس کا دعوی ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ، فائرنگ کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوا ، جوابی کارروائی میں ملزم مارا گیا، آ لہ قتل کلاشنکوف برآمد کر لی ۔تھانہ پزنگ کے ایس ایچ او نے بتایا کہ گزشتہ رات انھیں اطلاع ملی کہ تحصیل آلائی میں تھانہ پزنگ کی حدود میں واقع بانڈہ پزنگ نامی گائوں میں ملزم جہانزیب سرخیلی جس کا دماغی توازن درست نہیں نے گھر میں معمولی تکرار پر فائرنگ کرکے اپنے خاندان کے پانچ افراد بیٹے محمد ابراہیم ،زوجہ مسماۃ(ز)،زوجہ مسماۃ ش، ،دخترمسماۃ(ز) اور بہومسماۃ(خ)کو قتل کردیا ہے جبکہ باقی بچوں کو گھر میں یرغمال بنائے رکھا ہے ارتکاب جرم کے بعد ملزم نے گھر کے اندر ہی قبریں کھودنا شروع کردی ،اطلاع پر تھانہ پزنگ کے ایس ایچ او بمعہ نفری رات گئے موقع پر پہنچے تاہم ملزم کی جانب سے دھمکیاں دی جارہی تھیں کہ جو بھی گھر میں داخل ہوگا تو مارا جائے گا ، جمعہ کی صبح 6بجے ڈی پی او بٹگرام طارق سہیل مروت نے خود موقع پر پہنچ کر معاملہ کا جائزہ لیا اور قاتل سے بات چیت کرنا چاہی مگر مذکورہ شخص کسی قسم کی بات چیت کرنا نہیں چاہ رہا تھا اس نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار بازو پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا پولیس نے بھی اپنے بچاؤ کیلئے جوابی فائرنگ کی جس میں جہانزیب مارا گیا پولیس فوراً گھر کے اندر داخل ہوئی مذکورہ شخص سے آلہ قتل کلاشنکوف قبضہ میں لے لیا، مسلح شخص کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ، گھر کی تلاشی لینے پر پتہ چلا کہ مذکورہ جہانزیب نے اپنی دو بیویوں،ایک بہو،ایک بیٹی اور ایک بیٹے کو قتل کیا پولیس نے لاشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ٹائپ ڈی ہسپتال بنہ الائی روانہ کر دیں جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔
تازہ ترین