• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیارہ حادثہ: سی ای او کی پی آئی اے کے شہید ورکرز کے گھر آمد

قومی ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایئر مارشل ارشد ملک نے لاہور کا دورہ کرکے طیارہ حادثے میں پی آئی اے کے شہید کارکنان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

اس مو قع پر سی ای او پی آئی اے نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہم سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں، پی آئی اے اس مشکل گھڑی میں اپنے کارکنان کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے کے کارکنان ہمارے خاندان کا حصہ ہیں، ادارہ ان کے لواحقین کا مکمل خیال رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے کارکنان میرے بیٹے اور بیٹیاں تھیں، جبکہ طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کے بعد میتیں لواحقین کے حوالے کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ آج 6 میتیں لاہور پہنچائی جارہی ہیں، پی کے 8304 شام 6 بجے لاہور لینڈ کرے گی، پی آئی اے کے شہید فرسٹ آفیسر عثمان اعظم، شہید فلائٹ ا سٹیورڈ عبدالقیوم اشرف، شہید ایئر ہوسٹس آمنہ عرفان کی میتیں لاہور پہنچائی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسافر فضل الرحمٰن اور وحیدہ رحمٰن کی میتیں بھی آج لاہور پہنچیں گی، جبکہ مسافر اشتیاق احمد کی میت بھی کراچی سے لاہور پہنچے گی۔

ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کی جانب سے میتیوں کو گھروں تک پہنچانے کے تمام انتظامات مکمل کئے گئے ہیں، پی آئی اے افسران اور کارکنان تمام شہیدوں کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔

تازہ ترین