• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین نیب اپنے اقدامات سے تاریخی شخصیت بن گئے، خورشید اے بابر

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) گلوبل پیس‘ کینیڈا سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر خورشید اے بابر نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال بدعنوانی کے خاتمے کیلئے اپنے اقدامات کے باعث آنے والی نسلوں کے لئے مثال اور ایک تاریخی شخصیت بن گئے ہیں۔ اس سے چیئرمین نیب کی نیک نامی میں اضافہ ہوگا اور وہ اللہ کے سامنے سرخرو ہوں گے۔ نیب اعلامیہ کے مطابق گلوبل پیس کینیڈا سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر خورشید اے بابر نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے کوششوں کو سراہا ہے اور انہیں سلام پیش کیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پلڈاٹ‘ مشعال پاکستان‘ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل‘ عالمی اقتصادی فورم جیسے معتبر قومی و بین الاقوامی اداروں نے اپنے سروے اور رپورٹس میں اس کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ گیلپ اینڈ گیلانی کے حالیہ سروے میں 59 فیصد لوگوں نے نیب کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی دانشمندانہ قیادت میں کرپشن فری پاکستان اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے اسے فعال ادادہ بنایا گیا ہے۔ نیب نے بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے ان سے لوٹی گئی رقم برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کرانے کے لئے انسداد بدعنوانی کی جامع حکمت عملی وضع کی ہے۔ موجودہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے دور میں نیب نے گزشتہ 28 ماہ کے دوران بدعنوان عناصر سے بالواسطہ اور بلاواسطہ طور پر 178 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق نیب پاکستان میں اقوام متحدہ کے بدعنوانی کے خلاف کنونشن کے تحت فوکل پرسن ہے۔ پاکستان واحد ملک ہے جس نے چین کے ساتھ نیب کے ذریعے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں تاکہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی نگرانی کی جاسکے۔

تازہ ترین