اسلام آباد( جنگ نیوز)سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کےسینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت آج بھی شوگر مافیا کو تحفظ دے رہی ہے، چینی کی وجہ سے حکومت پر جھاڑو پھرتا نظر آرہا ہے، چینی کی قیمت میں اضافے کے ذمہ دار عمران خان، عثمان بزداراور اسد عمر ہیں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ چینی کی ایکسپورٹ پر میں نے بھی سبسڈی دی تھی، اگر پرچہ درج کرنا ہے تو مجھ پر اور عمران خان دونوں پر کیا جائے گا، 200 ارب کا ڈاکہ ڈال کر حکومت کے لوگ معصوم ہیں؟ عثمان بزدار سب سے زیادہ معصوم ہیں۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ کرائے کے ترجمان کے سرکس اور کاغذالہرانے سے عمران اور بزدار صاحب کی چوری نہیں چھپ سکتی۔
ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کے بیان پر ردعمل میں مریم اورنگزیب نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی کے سوالات کا جواب کے بجائے آئیں، بائیں شائیں اور سرکس ،اگرسندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے باوجود شہبازشریف نے گنے کی قیمت میں کمی نہیں کی تو شاہد خاقان عباسی کے اثر میں کیسے آسکتے ہیں؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نامعلوم ترجمان کب تک جھوٹ بولیں گے؟ کب تک الزامات لگائیں گے ؟ کب ثبوت پیش کریں گے؟ کب کارروائی کریں گے؟عوام کا آٹاچینی چور کرائے کے ترجمان جواب دیں کہ عمران مافیا نے دو سال میں چینی 53 سے 90 روپے کیوں کروائی؟ ۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں پریس کانفرنس کیلئے آنے سے قبل شاہد خاقان عباسی دکان سے چینی خرید کر لائے اور کہا کہ چینی کی موجودہ قیمت 90 روپے کلو ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی ڈاکے کے ذمہ دار عمران خان، اسد عمر اور وزیر اعلیٰ پنجاب ہیں، چینی برآمد سے پہلے چینی کی قیمت 55 روپے 47 پیسے تھی اور اب چینی کی قیمت 60 فیصد بڑھ گئی ہے، اس کا جواب عمران خان دیں۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت کمیشن بننے کے بعد بھی نہیں ڈری، جب سے کمیشن بنا، اُس وقت سے آج تک چینی کی قیمت میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔