• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی نامور اور باصلاحیت اداکارہ صبا قمر کا کہنا ہے کہ وہ ایسے شخص کو اپنا ہمسفر بنانا چاہتی ہیں جو اپنی ذات سے خوش ہو۔

حال ہی میں صبا قمر نے اپنے ایک انٹرویو میں روایتی تعلقات اور محبت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ایک ایسے شخص کو اپنی زندگی میں شامل کرنا چاہتی ہوں جسے کسی چیز کا خوف نہ ہو، جو اپنی ذات سے پیار کرتا ہو اور جو میری عزت اور احترام کرے۔‘

صبا قمر نے کہا کہ’وہ شخص ایسا ہو کہ ہم دونوں ایک دوسرے سے غیر مشروط محبت کریں، ہمارے پیار کے درمیان کوئی لین دین نہ ہو۔‘

اداکارہ نے روایتی تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے روایتی تعلقات بالکل سمجھ نہیں آتے کیونکہ اُس میں لوگ پہلے ہی طے کرلیتے ہیں کہ اِس عمر میں شادی کرنی ہے، اس عمر میں بچے ہوجانے چاہیے اور اس عمر میں یہ کرنا ہے یا وہ کرنا ہے۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’میں روایتی تعلقات سے ڈرتی ہوں، میں نہیں چاہتی کہ اپنی والدہ کی طرح لڑائی جھگڑوں والی زندگی گُزاروں، مجھے ایسی زندگی سے خوف آتا ہے۔‘

صبا قمر نے کہا کہ ’لوگ زندگی گزارتے ہیں لیکن میں زندگی جینا چاہتی ہوں، ہر ایک لمحے کو محسوس کرنا چاہتی ہوں۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’میں پہلے لوگوں کے بارے میں بہت کچھ سوچتی تھی لیکن اب دو سال ہوگئے ہیں اور میں نے لوگوں کے بارے میں سوچنا چھوڑ دیا ہے کیونکہ لوگ آپ کو صرف ذہنی اذیت کے علاوہ کچھ نہیں دےسکتے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے اب سوشل میڈیا کا کوئی خوف نہیں، میرا جو دل کرتا ہے وہ کرتی ہوں اور اِس کی وجہ سے اب میں خوش بھی رہتی ہوں۔‘

یاد رہے کہ اِس سے قبل صبا قمر نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے 8 سال ایک شخص کی وجہ سے برباد کردیے۔

انہوں نے کہا تھاکہ ’بہت چھوٹی عمر سے ہی لڑکیوں کو سکھایا جاتا ہے کہ چاہے وہ مر جائیں لیکن اپنی زندگی میں آنے والے پہلے مرد کو کبھی نہیں چھوڑیں، اسی ایک جملے نے میری زندگی کے 8 سال تباہ کردیے۔‘

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے لیے یہ تعلق اہم تھا کیوں کہ میں شادی کے حوالے سے سوچتی تھی اسی لیے 8 سال اسے قائم رکھا یہ سوچ کر کہ وہ بہتر ہوجائے گا، لیکن وہ بہتر نہیں ہوا بلکہ اس نے میرے ذہن کو تباہ کردیا۔

تازہ ترین