جیوٹی وی کے معروف کامیڈی شو ’ہم سب اُمید سے ہیں‘ کی میزبانی کرنے والی نام ور اداکارہ صبا قمر نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے 8 سال ایک شخص کی وجہ سے برباد کردیے۔
ورسٹائل اداکارہ صباقمر نے اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کردہ 12 منٹ اور 13 سیکنڈ پر مبنی ویڈیو میں پُرمزاح انداز میں اپنی زندگی میں پیش آنے والے واقعات اور نجی زندگی کی تلخ حقیقتوں سے دلچسپ اندازمیں پردہ اٹھایا۔
گزشتہ روز اداکارہ نے اپنے چینل پر شو کی دوسری قسط شیئر کی تھی جس میں انہوں نے ایک ایسا مزاحیہ شو پیش کیا جہاں نامور شخصیات سے عجیب و غریب سوالات پوچھے جاتے ہیں۔
اپنے شو کے دوران اداکارہ نے اس بات کا انکشاف کیا کہ اُن کا 8 سال کسی کے ساتھ تعلق رہا لیکن پھر اس تعلق کا بہت برا انجام ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ’بہت چھوٹی عمر سے ہی لڑکیوں کو سکھایا جاتا ہے کہ چاہے وہ مر جائیں لیکن اپنی زندگی میں آنے والے پہلے مرد کو کبھی نہیں چھوڑیں، اسی ایک جملے نے میری زندگی کے 8 سال تباہ کردیے۔‘
صبا قمر نے بتایا کہ اُس شخص نے ان کے ساتھ بہت برا سلوک رکھا اور پھر ایک دوسری عورت کے لیے انہیں چھوڑ دیا۔
اداکارہ نے اُس شخص کا نام لیے بغیر مزید بتایا کہ وہ مجھ سے جھوٹ بولتا تھا، برا سلوک کرتا تھا، میری تذلیل کرتا تھا اور پھر مجھ سے معافی مانگ لیتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ تعلق اہم تھا کیوں کہ میں شادی کے حوالے سے سوچتی تھی اسی لیے 8 سال اسے قائم رکھا یہ سوچ کر کہ وہ بہتر ہوجائے گا، لیکن وہ بہتر نہیں ہوا بلکہ اس نے میرے ذہن کو تباہ کردیا۔
واضح رہے کہ اداکارہ نے کچھ روز قبل اپنے یوٹیوب چینل پرشو کی پہلی قسط شیئر کی تھی جس میں انہوں نے کورونا وائرس کے باعث لگے لاک ڈاؤن میں تنہائی بیان کی تھی۔