• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران صاحب لاپتہ ہیں اور صحت کا نظام ٹھیکے پر چل رہا ہے، مریم اورنگزیب


پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب لاپتہ ہیں اور صحت کا نظام ٹھیکے پر چل رہا ہے، حکومت جھوٹ پر جھوٹ بول کر قوم کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎عمران صاحب پریس کانفرنس، پریزنٹیشن، کمپیوٹر، بیانات اور دعووں سے کورونا کا مقابلہ کر رہے ہیں، ‎کورونا کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر انتظامات اور اقدامات کے بجائے لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈالی جارہی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ‎اسلام آباد میں کورونا مریضوں کی تعداد2400 سے زائد ہوچکی،صرف 12 وینٹیلیٹر کام کر رہے ہیں، ‎وفاقی دارالحکومت کے سب سے بڑے اسپتال پمز کے 9 وینٹیلیٹرز کام کر رہے ہیں جبکہ ‎پمز میں 80 بستر کے آئیسولیشن وارڈ میں دیگر آئی سی یوز سے یہ 9 وینٹیلیٹرز منتقل کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ‎پمز کے سرجیکل آئی سی یو کے 4، میڈیکل آئی سی یو کے 2 وینٹیلیٹرز کورونا وارڈ میں منتقل کیا گیا ہے، ‎پمز کے کارڈیالوجی سرجری آئی سی یو کے 3 وینٹیلیٹرز بھی کورونا وارڈ میں منتقل کیے گئے، ‎اسلام آباد کے دوسرے بڑے اسپتال پولی کلینک میں صرف 4وینٹی لیٹر ہیں ، ‎پولی کلینک میں کورونا مریضوں کے لیے صرف دس بستروں کا آئیسولیشن وارڈ ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ‎اسلام آباد کے سرکاری اسپتالوں میں کل 90 بستر کے کورونا آئیسولیشن وارڈ کے سوا اور کوئی انتظام نہیں، ‎لواحقین مریضوں کے لیے وینٹیلیٹرز لینے کی خاطر سفارشیں اور منتیں کرنے پر مجبور ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے سوال اٹھاتے ہوئے مزید کہا کہ ‎بتایا جائے جو وینٹیلٹرآئے تھے، وہ کہاں ہیں؟ اسلام آباد کے اسپتالوں کو کتنے ملے ہیں؟

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت سے سوال پوچھا تھا کہ پمز اور پولی کلینک عارضی چارج پر کیوں چل رہا ہے جواب مِلا چور چور چور ، سوال پوچھا تھا ڈی جی ہیلتھ عارضی چارج پہ کیوں ہے، جواب مِلا چور چور چور ، ‎سوال پوچھا تھا ڈریپ عارضی انتظام پر کیوں چلائی جا رہی ہے جواب مِلا نواز شریف شہباز شریف۔

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کورونا کے مریض سخت مشکل میں ہیں خدا کے لیے جھوٹ بول کر عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلیں، یہاں اس وقت انسان کو مر کر دکھانا پڑتا ہے کہ میں بیمار ہوں، کسی کی بیماری پر سیاست کرنا برا عمل ہے۔

اپنے بیان کے دوران اُن کا میاں محمد نواز شریف کے زاتی ڈاکٹر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ڈاکٹر عدنان چار پانچ دن میں واپس لندن روانہ ہوجائیں گے ، ڈاکٹر عدنان ملک میں اپنے کچھ کام نمٹا کر واپس لندن جائیں گے۔

تازہ ترین