• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد چوہدری نے نواز شریف کے طبی ٹیسٹوں کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا


وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فوادچوہدری نے نوازشریف کے پاکستان میں ہونے والے طبی ٹیسٹوں کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

وفاقی وزیر فوادچوہدری نے وزیراعظم عمران خان کو خط میں لکھا کہ نواز شریف کی برطانیہ میں سامنے آنے والی تصاویر میں ان کی حالت اچھی نظر آرہی ہے، نوازشریف برطانیہ میں اپنی ٹیسٹ رپورٹس بھی حکومت کے ساتھ شیئر نہیں کررہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اس سے یہ تاثر پیدا ہوتا ہے کہ برطانوی لیبارٹریز نے نواز شریف کی بیماری کی تصدیق نہیں کی، خدشہ ہے کہ پاکستان میں عدالتوں سے ریلیف لینے کے لیے جعلی ٹیسٹ رپورٹس بنائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی برطانیہ میں تصاویر صاف بتارہی ہیں کہ وہ صحت مند ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ لگتا ہے پاکستان میں ٹیسٹ رپورٹس میں حقائق مسخ کر کے بیرون ملک جانے کی راہ ہموارکی گئی ہے۔ نواز شریف کے پاکستان میں ہونے والی ٹیسٹ رپورٹس کے بارے میں تحقیقات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم کو خط میں لکھا کہ اس بات کا تعین ہونا چاہیے کہ پاکستان میں کس نے ٹیسٹ رپورٹس میں حقائق کو مسخ کیا، حقائق کا منظر عام پر آنا ضروری ہے، وزیراعظم تحقیقات کا حکم دیں۔

فواد چوہدری نے مطالبہ کیا ہے کہ نواز شریف کے ٹیسٹ رپورٹس کے لیے انکوائری کمیٹی بنائی جائے اور تحقیقات میں یہ سامنے لایا جائے کہ کس کس نے نواز شریف کو فرار میں مدد کی ہے۔

تازہ ترین