• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی مارکیٹ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں کمی نہیں کی، عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ حکومت نے عالمی مارکیٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں کی۔

عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک بیان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی فی بیرل قیمت 65 ڈالر تھی، نوازشریف حکومت نے اس کے باوجود عوام کو 70روپے تک فی لیٹر پیٹرول فراہم کیا تھا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آج عالمی منڈی میں پٹرول 15 ڈالر فی بیرل ہے، پھر بھی 74 روپے 54 پیسےفی لیٹر دیا جارہا ہے۔

انہوں نے سوال کرتے ہوئے مزید کہا کہ  پیٹرولیم مصنوعات پر لیویز اور ٹیکس بھی مزید بڑھادیے گئے ہیں، اسد عمر صاحب آپ کے وزیراعظم ایک لیٹر پٹرول پر کتنے روپے کا ڈاکہ عوام کی جیب پرمار رہے ہیں؟ 

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور ترجمان پیٹرولیم کی قیمتوں سے متعلق جھوٹ بول رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ کے حساب سے آج پاکستان میں 30 روپے لیٹر پیٹرول فروخت ہونا چاہیے، چار ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی زائد قیمتیں لے کر عمران حکومت نے اربوں کی دیہاڑی لگائی ہے۔

اُن کا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا کے نام پر چندہ، غیرملکی امداد اور پیٹرول پر اربوں کی دیہاڑی بھی حکمران کا پیٹ نہ بھرسکی۔

تازہ ترین