کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماضی کے عظیم کھلاڑی اور پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق منیجر حسن سردار نےحنیف خان کے 1983میں اسمگلنگ کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کا سہارا لیے جانے کے الزامات مسترد کردیے ہیں اور کہا ہے کہ اصلاح الدین ہماری ہاکی کے لیجنڈ ہیں۔ حنیف خان کے بیان سے منیجر اصلاح الدین کو دکھ ہوا، ایسی باتیں نہیں ہونی چاہئیں جس سے کسی کی دل آزاری ہو۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اسکینڈل سے تقریباً چالیس کھلاڑیوں ،آفیشلز اور سرکردہ صحافیوں نے فائدہ اٹھایا تھا ۔ اس وقت کے وفاقی وزیر کھیل نے صدر ضیاء الحق سے درخواست کی تھی کہ لاس اینجلس اولمپکس سے قبل یہ اسکینڈل پاکستان ہاکی کے لئے بدنامی کا سبب بنے گا۔ جس کے بعد یہ فائل بند کردی گئی تھی۔ 1983 میں ہانگ کانگ سے آنے والی ٹیم کے رکن حسن سردار کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ کا سامان کسی کھلاڑی کا نہیں تھا، انکوائری ہوئی تو پھر کھلاڑیوں کو کلیئر کردیا گیا۔ واضح رہے کہ سابق اولمپین و کپتان حنیف خان نے انکشاف کیا تھا کہ 1983میں اسمگلنگ کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کا سہارا لیا گیا تھا۔