• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا، وائٹ ہاؤس کے باہر مظاہرہ، ٹرمپ کو بنکر میں پناہ لینا پڑی

امریکا، وائٹ ہاؤس کے باہر مظاہرہ، ٹرمپ کو بنکر میں پناہ لینا پڑی 


واشنگٹن / نیویارک (نیوز ڈیسک / عظیم ایم میاں) امریکا کے کئی شہروں میں کرفیو اور پابندیوں کے باوجود مظاہرین نے کرفیو توڑ دیا اور پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام شخص کے قتل کے خلاف احتجاج اور ریلیاں نکالی گئیں، امریکی شہریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے لندن اور برلن کے بعد نیوزی لینڈ کے مختلف شہروں میں امریکی سفارتخانوں اور قونصلیٹ کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ، سیاٹل سے نیو یارک تک ہزاروں افراد نے مارچ کیا، مظاہرین رکاوٹیں اور جنگلے گرا کر وائٹ ہاؤس کے قریب پہنچ گئے جبکہ پرتشدد مظاہرے کی وجہ سے صدر ٹرمپ کو بنکر میں پناہ لینا پڑی۔امریکی صدر ٹرمپ نے ریاستوں کے گورنرزکو للکارتے ہوئے کہا کہ وہ احتجاج اور لوٹ مار کرنے والوں کو طاقت سے کچل دیں ۔ امریکی دارالحکومت میں رات کا کرفیو لگادیا گیا۔واشنگٹن ڈی سی میں رات 11 بجے سے صبح 6 بجے تک کر فیو رہے گا۔ ہفتے کی رات پولیس پر حملے، ہنگاموں، جلاؤ گھیراؤ کے بعد 15 ریاستوں میں نیشنل گارڈز کا گشت جاری ہے۔پرتشدد مظاہروں کے دوران واشنگٹن میں 11اور نیو یارک میں 30پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ میامی میں کرفیو کے باوجود لوٹ مار کی گئی۔ امریکا کے ایک اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعہ کو وائٹ ہاؤس پر مظاہرے کے دوران صدر ٹرمپ کو خفیہ سروس ایجنٹس نے زیر زمین بنکر میں پہنچا دیا تھا، پولیس نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے ریاستی گورنروں سے ایک ٹیلی فون کانفرنس کال میں بیشتر ریاستی گورنروں کو للکارتے ہوئے ’’کمزور‘‘ قرار دیا اور مظاہروں کو کچلنے اور گرفتار ہونےو الے مظاہرین اور لوٹ مار کرنے والوں کو طویل المیعاد سزائیں دینے کیلئے کہا۔ صدر ٹرمپ نے گورنروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے مظاہرے ختم کرنے کیلئے سختی اور طاقت کا استعمال نہیں کیا اور وہ ا من قائم نہ کرسکے تو وہ ’’احمق‘‘ نظرآئیں گے۔ صدر ٹرمپ کا اشارہ ان ڈیموکریٹ گورنروں کی طرف تھا جو صدر ٹرمپ کی اس تجویز کے مخالف ہیں کہ وہ مظاہروں کی اس صورتحال پر قابو پانے کیلئے فوج کے دستوں کی مدد حاصل کریں۔ نیویارک شہر میں بھی کرفیو نافذ کردیا گیا۔ ڈیموکریٹک گورنر نے کرفیو کا اعلان کردیا۔

تازہ ترین