• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت وبا سے نمٹنے کے بجائے نواز شریف کے خوف کا شکار، مریم نواز

حکومت وبا سے نمٹنے کے بجائے نواز شریف کے خوف کا شکار، مریم نواز


لاہور(جنگ نیوز / نمائندہ جنگ)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت وبا سے نمٹنے کے بجائے نواز شریف کے خوف کا شکار ہے۔

وزرأ کی تنقید ظاہر کرتی ہے کہ ان کی ترجیحات عوام کی خدمت نہیں کچھ اور ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یہاں بیماری ثابت کرنے کیلئے انسان کو مرنا پڑا ہے ، حکومت زندگیوں سے کھیل رہی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں (ن) لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کورونا وائرس کے حوالے سے خبروں کی پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ لوگ کورونا سے ہی نہیں بلکہ بےمثال مجرمانہ غفلت اورنااہلی کی وجہ سےجانیں گنوارہے ہیں اور ایسے وقت میں بھی حکومت ابھی تک نوازشریف کے خوف سے باہر نہیں نکلی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ڈاکٹرز کی سخت ہدایات کےمطابق واک کی۔

اس وقت حکومتی وزرأ کی تنقید ظاہرکرتی ہے کہ ان کی ترجیحات عوام کی خدمت نہیں کچھ اور ہے، حکومت نوازشریف کی بات کرکے جاری بحران سےتوجہ ہٹانےکی کوشش کررہی ہے، حکمران عوام کی خدمت کریں یاپھرکسی اور کو کرنے دیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں کورونا مریضوں کیلئے عدم سہولتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بتایا جائے کہ کورونا مریضوں کے لئے جو وینٹی لیٹرز آئے تھے، وہ کہاں ہیں؟

عمران خان پریس کانفرنس، پریزنٹیشن، کمپیوٹر، بیانات اور دعوؤں سے کورونا کا مقابلہ کررہے ہیں، وفاقی وزیر برائے صحت عمران خان لاپتہ ہیں اور صحت کا نظام ٹھیکے پر چل رہا ہے، حکومت جھوٹ پر جھوٹ بول کر قوم کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے،یہاں انسان کو مرکر دکھانا پڑتا ہے کہ وہ بیمار ہے ۔

تازہ ترین